کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانو ں نے پاکستان کو ایسٹ انڈیا کمپنی کے حوالے کردیا ہے، پی ٹی آئی تمام شعبوں میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ سونامی تباہی میں تبدیل ہوگیا ہے۔ اوآئی سی کانفرنس میں امریکا کے خوف سے کسی اسلامی ملک نے کشمیر کا نام تک نہیں لیا۔ تحریک انصاف، مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی یہ ایک ہی پارٹی کا نام ہے جنہوں نے باری باری ملک کو لوٹا ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کی مظلوم عوام کی امیدوں کا محور و مرکز ہے۔ وہ جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے تحت مسجد یوسف پی اینڈٹی ہائوسنگ سوسائٹی اور ضلع ملیر کے تحت مسجد سلمان شاہ لطیف ٹاؤن میں علیحدہ علیحدہ اجتماعات سے خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اجتماعات سے راشد نسیم، ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، حافظ نعیم الرحمن، عبدالجمیل خان، محمد اسلام، مفتی ضیاء الرحمن فاروقی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔