• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کٹھ پتلی پر وار کرنے کا وقت آگیا، 5 جنوری سے لاہور میدان جنگ بنے گا، بلاول، غریبوں کی تقدیر اور دن بدل جائیں گے، زرداری

کٹھ پتلی پر وار کرنے کا وقت آگیا، 5 جنوری سے لاہور میدان جنگ بنے گا، بلاول


سکھر،لاڑکانہ( چوہدری محمد ارشاد، صابر شاہ، بیورو رپورٹ ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ کٹھ پتلی پر وار کرنے کا وقت آگیا، 5جنوری سے لاہور میدان جنگ بنے گا۔

اس حکومت کے خاتمے کی کہانی اس شہر سے شروع ہو گی جہاں سے اس کا آغاز ہوا تھا،جیالے تیاری پکڑیں، اگلا الیکشن ، وزیراعظم اوروزرائے اعلیٰ ہمارے ہونگے،اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو استعفے دینے کے حق میں تھےوہ بھی آج الیکشن کے مزے لوٹ رہے ہیں ۔

ادھرپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہےکہ غریبوں کی تقدیر اور دن بدل جائیں گے، عوام کی خدمت ہمارا منشور ،سوچ اور آخرت ،ﷲ موقع دے بی بی سے کئے تمام وعدے جلدپورے کرینگے،دوسری جانب سابق وزیراعظم پرویزاشرف نے کہاہےکہ پنجاب میں اگلی حکومت بلاول کی ہوگی۔

بے نظیر بھٹو شہیدکی 14ویں برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے اٹھارہویں ترمیم کو بحال کر کے نہ صرف جمہوریت کو بحال کیا بلکہ صوبوں کو خودمختیار کیا، کٹھ پتلی کے خلاف جنگ کرنے کے اعلان کا وقت آچکا ہے۔

5جنوری کو لاہور میں اپنا بیس بنائیں گے،اب ان کے جانے میں دیر نہیں ،جیالے تیاری پکڑیں، اگلا الیکشن ، وزیراعظم اوروزرائے اعلیٰ بھی ہمارے ہوں گے،پاکستان میں جمہوریت اب بس نام کی رہ گئی ، اس ملک میں کبھی آر او الیکشن تو کبھی آر ٹی ایس کا الیکشن کرا کر جمہوریت کو نقصان پہنچایا جاتا رہا ، عوام کے ووٹ پر ڈاکہ مار کر جمہوریت چھینی گئی۔

آج پاکستان کے عوام کٹھ پتلی، سلیکٹڈ راج بھگت رہے ہیں، نااہل حکمرانوں کا بوجھ عوام اٹھارہے ہیں،موجودہ حکومت صوبائی خودمختاری پر ڈاکہ مارنا چاہتی ہے، ہم ان کو خودمختاری چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، آج اے پی ایس شہداء کے خون کا سودا کیا جا رہا ہے۔

دہشت گردوں کے سامنے صدر، وزیراعظم جھک چکے ہیں اورڈیل کی بھیک مانگ رہے ہیں، کاش 27 دسمبر کوئی سوگ کا دن نہ ہوتا، کاش 27دسمبر کا دن بھی عام سا دن ہوتا مگر افسوس گزشتہ 14 سال سے یہ دن خاص دن ہوتا ہے، آج بھی شہید بی بی عوام کے دلوں میں زندہ ہے،وعدہ ہے ہم گاؤں، گاؤں، شہر، شہر پہنچنے والے ہیں۔

تمام صوبائی عہدیدار تیاری کریں، میں آرہا ہوں، گلگت بلتستان، کشمیر، راجہ پرویزاشرف، قمر زمان کائرہ تیاری پکڑیں، پنجاب بھی پہنچنے والے ہیں، ملک کے ہر کونے تک پہنچیں گے، جہاں میں نہیں پہنچ سکتا وہاں آصف زرداری، فریال تالپور، آصفہ بی بی پہنچیں گے، انہوں نے کہاکہ پاکستان آئی ایم ایف کی غلامی کرے گا تو معاشی مشکلات میں اور اضافہ ہوگا، ہم پاکستانی عوام کی بے بسی اور پریشانی نہیں دیکھ سکتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو استعفے دینے اور الیکشن نہ لڑنے کے حق میں تھے، وہ بھی الیکشن کے مزے لوٹ رہے ہیں اور مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔

ادھر پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے گڑھی خدا بخش میں جلسے سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ہر دفعہ عوام کی خدمت کی ہے، یہ ہمارا منشور ہماری سوچ اور آخرت بھی یہی ہے،پاکستانی عوام کا یہ نصیب نہیں کہ ہمیشہ غریب رہیں،ہم امیر ملک ہیں، آپ لوگوں کے نصیب کو بدل سکتے ہیں، مگر یہاں سوچ کی کمی ہے،جو کہا جاتا ہے وہ سنا تک نہیں جاتا، انشااللّٰہ آپ کی تقدیر بھی بدلے گی، دن بھی بدلیں گے اور یہ بلاول کرے گا۔

آپ کو یہاں دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ میں اپنے ورکروں میں کھڑا ہوں، دعا کریں اللہ ہمیں موقع دے کہ جلد بی بی سے کئے تمام وعدے پورے کریں ۔دوسری جانب سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ جب آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا اور بلاول نے والدہ کا پرچم اٹھایا وہ بہت مشکل وقت تھا،ہمیں فخر ہے اتنے نقصان کے بعد ایک نوجوان پڑھا لکھا لیڈر پاکستان پیپلز پارٹی کو میسر ہے ۔

بلاول بھٹو کا پنجاب انتظار کررہا ہے، پنجاب میں اگلی حکومت بلاول کی ہوگی، گلی گلی پارٹی جھنڈا لیکر جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے وزیر اعظم سمیت پوری کابینہ استعفیٰ دے، بچہ بچہ آج کہہ رہا ہے گو نیازی گو۔

قبل ازیں جلسے سے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی ، پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخواہ کے صدر نجم الدین خان،پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے بھی خطاب کیا۔

مزید برآںسابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی چودہویں برسی روایتی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی،جلسے کے آغاز سے قبل مشاعرہ ہوا جس میں بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

برسی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے بے نظیر بھٹو کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے، برسی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ 

تازہ ترین