• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پر امن افغانستان پورے خطے کے مفاد میں ہے،چوہدری نثار

Peaceful Afghanistan Is In The Interest Of The Entire Region Says Nisar
وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ تحفظات کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور امریکا کے تمام معاملات بات چیت کے ذریعے طے کئے جائیں،ضروری ہے کہ پاکستان کے نقطہ نظر اور اس کی خودمختاری کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے، مستحکم اور پر امن افغانستان نا صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

وزیرداخلہ چوہدری نثار سے امریکا کے خصوصی مندوب برائے افغانستان و پاکستان رچرڈ اولسن اور امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی، ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات، دوطرفہ تعاون، خطے کی مجموعی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مستحکم اور پر امن افغانستان نا صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے اورافغان مسئلے کا واحد حل ڈائیلاگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایف16کی فنڈنگ روکنے کی امریکی پالیسی پر تحفظات ہیں، پاکستان امریکا سے اپنے ہمہ جہتی تعلقات میں مزید وسعت چاہتا ہے، ضروری ہے کہ پاکستان کے نقطہ نظر اور اس کی خودمختاری کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے،

رچرڈ اولسن نے کہا کہ امریکا افغانستان میں دیرپا امن کے قیام کے لئے پاکستان کے کردار اور کوششوں کی قدر کرتا ہے، کچھ مسائل اور مشکلات کے باوجود امریکی حکومت پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے اور اسے مزید وسعت دینا چاہتی ہے، دونوں رہنماؤں نے امن کی خاطر مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
تازہ ترین