لاہور( نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ منی بجٹ عوام کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے،ڈٹ کر اس کا مقابلہ کرینگے ،یہ زہر کا پیالہ ہے ، باضمیر حکومتی ارکان اور اتحادی منی بجٹ سے دور رہیں،معیشت بیرونی سہارے کی مرہون منت ہوکر رہ جائیگی،تین سال میں پی ٹی آئی نے ملک کا وہ کباڑا نہیں کیا جو منی بجٹ سے ہوجائے گا ،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ منی بجٹ سے پاکستان کی معیشت بیرونی سہارے کی مرہون منت ہوکر رہ جائے گی ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی معاشی خودمختاری، جوہری وکشمیر جیسے نازک قومی مفادات کے لئے زہرقاتل ثابت ہوگا ۔