اسلام آباد (خبرایجنسی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما بیرسٹراعتزاز احسن نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو اور پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی پیپلز پارٹی میں انتظامی معاملات کا فرق ہے،بی بی کا ہر کارکن کے ساتھ تعلق براہ راست تھا جو آصف زرداری نہیں رکھ سکے۔گزشتہ روز ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بی بی شہید بہت با صلاحیت تھیں، آج ہمیں ان کی بہت ضرورت تھی کیونکہ وہ اتفاق رائے قائم کرنا جانتی تھیں،ان کے لیے بہت آسان تھا کہ وہ کئی جماعتوں کے لیے بیک وقت لیڈ رول کا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ میں 76 سال کا ہوں اور کووڈ کی وجہ سے احتیاط کررہا ہوں ورنہ میں پارٹی کے اجلاس میں ضرور شرکت کرتا ہوں،صرف جلسوں سے دور ہوں، اس سے یہ نہ سمجھا جائے کہ میں پارٹی سے دور ہوں۔