• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2021، پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں 39 روپے 24 پیسے لیٹر تک اضافہ

اسلام آباد ( عاطف شیرازی ) سال 2021 کے دوران عوام پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے بوجھ تلے دب گئے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 39 روپے 24 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کیا گیا۔ 

ایک سال میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11 بار اضافہ کیا گیا، 2021 کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے پچھلے تمام ریکارڈٹوٹ گئے، قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دی گئیں۔

پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی قیمتوں سے شہریوں کی پریشانی بھی بڑھتی رہی۔ 2021 کے دوران ایک لیٹر پٹرول 37 روپے 13 پیسے،ہائی اسپیڈ ڈیزل 29 روپے 18 پیسے، لائٹ ڈیزل 39 روپے 20 پیسے اور مٹی کا تیل 39 روپے 24 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 11 بار بڑھائی گئیں،10 بار برقرار اور 4 بار قیمتوں میں کمی کی گئی۔ایک سال قبل پٹرول کی فی لیٹر قیمت 103 روپے 69 پیسے تھی جو بڑھ کر اب 140 روپے 82 پیسے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔

ایک سال میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 108 روپے 44 پیسے سے بڑھ کر 137 روپے 62 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 70 روپے 29 پیسے سے بڑھ کر 109 روپے 53 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت ایک سال کے دوران 67 روپے 86 پیسے سے بڑھ کر 107 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

اس وقت حکومت پٹرول پر 13 روپے 62 پیسے اورہائی اسپیڈ ڈیزل پر 13 روپے 14 پیسے فی لیٹر لیوی وصول کررہی ہے جبکہ سیلز ٹیکس، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور ڈیلرز مارجن اس کے علاوہ وصول کیا جارہا ہے۔

ایک سال قبل خام تیل کی قیمت 55 ڈالر فی بیرل تھی جو بڑھ کر اب تقریبا 74 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے۔

تازہ ترین