بھارتی ون ڈے ٹیم کے کپتان روہت شرما کرکٹ کے میدان سے باہر بھی سرخیوں میں رہنے کا ہنر جانتے ہیں۔
ایک وائرل ویڈیو میں روہت شرما کو اپنی اہلیہ ریتیکا سجیدیہہ کے ساتھ رقص کرتے دیکھا جاسکتا ہے، جو برادر نسبتی کی شادی کے موقع کی ہے۔
ویڈیو پر انٹرنیٹ صارفین نے تبصرے کیے اور کہا کہ ’کرکٹ سے ایک اچھا وقفہ ہے‘، ’شاندار اور مزے دار‘۔
سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو 2023ء کی ہے، جوڑے کے ساتھ جو لڑکی رقص کررہی ہے، وہی اس روز کی دلہن تھی، کلپ میں گھر پر ڈانس کی مشق کی جارہی ہے۔
38 سالہ روہت شرما نے آئی پی ایل سیزن کے بعد کرکٹ سے بریک لے رکھا ہے، وہ تاحال 50 اوورز کی کرکٹ کے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کے موڈ میں نہیں ہیں۔
روہت شرما اور ویرات کوہلی نے رواں سال کے آغاز میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی، ان کی اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف 3 ایک روزہ میچز کی سیریز میں شمولیت کا امکان ہے۔
روہت شرما نے بدھ کو سامنے آنے والی آئی سی سی رینکنگ میں بابر اعظم سے دوسری پوزیشن چھین لی ہے جو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں مایوس کن پرفارمنس کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
روہت شرما 32 سنچریوں کے ساتھ ویرات کوہلی 51 اور سچن ٹنڈولکر کے بعد تیسرے بھارتی کھلاڑی ہیں، انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف پلیئر آف دی میچ کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔