امریکا کے سابق صدارتی امیدوار رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کی اہلیہ اداکارہ چیرل ہائنس نے اپنے شوہر کا اسکینڈل سامنے آنے کے ایک سال بعد لب کشائی کردی۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال جب امریکا میں صدارتی انتخابات ہورہے تھے اس وقت نیو یارک میگزین کی واشنگٹن میں نمائندہ اولیویا نوزی کو چھٹی پر بھیج دیا گیا تھا، کیونکہ ان کے سابق آزاد صدارتی امیدوار رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے ساتھ مبینہ رومانوی تعلقات کا انکشاف ہوا تھا۔
امریکی رپورٹر نوزی نے تسلیم کیا تھا کہ کچھ وقت پہلے ان کی رپورٹنگ کے دوران رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے ساتھ ذاتی نوعیت کی بات چیت ہوئی تھی، معاملہ سامنے آنے کے بعد رپورٹر کی منگنی ختم ہوگئی تھی، جبکہ اس کا چرچا بھی میڈیا پر خوب رہا تھا۔
بعد ازاں رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے مبینہ طور پر اس بات کا اظہار کیا تھا کہ نیو یارک میگزین کی رپورٹر اولیویا نوزی نے انہیں اپنی ’نازیبا‘ تصاویر بھیجی ہیں۔
امریکی سیاست دان نے اپنے قریبی دوستوں کو وہ تصاویر دکھائیں جو سیاسی نامہ نگار نے انہیں بھیجی تھیں، جس کے نتیجے میں یہ اسکینڈل منظر عام پر آیا۔
تاہم ایک سال بعد رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کی اہلیہ چیرل ہائنس نے اپنے شوہر کے اسکینڈل سے متعلق ردعمل دیا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ اور کینیڈی ہر معاملے پر کھل کر بات کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے اچھے دوست ہونے کے ساتھ اعتماد بھی کرتے ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 59 سالہ اداکارہ نے اس سال مارچ 2025 میں اپنے شوہر کو سخت الٹی میٹم دیا تھا کہ وہ اسے لاس اینجلس سے واشنگٹن ڈی سی منتقل کرے، کیونکہ وہ کینیڈی کو تنہا رہنے پر “قابلِ اعتماد” نہیں سمجھتیں، خاص طور پر انہیں وزیر صحت کا نیا عہدہ ملنے کے بعد سے کیونکہ وہ خواتین کے درمیان زیادہ ہوتے ہیں، جس کے بعد کینیڈی نے اپنی اہلیہ کیلئے 4 ملین سے زائد ڈالر کا گھر خریدا تھا۔
71 سالہ رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ جو کچھ بھی ہوا وہ پیچھے رہ گیا ہے، ہم اب بھی ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر امریکا کے سابق صدر جان ایف کینیڈی کے بھتیجے ہیں، جنہیں 22 نومبر 1963 کو ڈیلاس میں قتل کردیا گیا تھا، رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے اپنی صدارتی مہم معطل کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔