کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ 30دسمبر کو مسلم لیگ (ن)کا115واں یوم تاسیس کوئٹہ میں منایا جائیگا جس میں پارٹی عہدیدار اور کارکن بھر پور شرکت کریں گے، مسلم لیگ(ن) کی جڑیں بلوچستان کے عوام میں دن بدن مضبوط ہورہی ہیں پارٹی میں جلد شمولیتوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے اپنے قیام سے لیکر آج تک عوام کی نمائندگی اور حقوق کی آواز بلند کی ۔30دسمبر کو 115ویں یوم تاسیس پر ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی تقریب منعقد کی جائیگی جس میں پارٹی عہدیدار اور کارکن شرکت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہونے کے ناطے مسلم لیگ (ن) نے گزشتہ تین سال میں ہر عوام دشمن اقدام کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام کو یہ معلوم ہوچکا ہے کہ انکی نمائندہ جماعت مسلم لیگ(ن) ہے یہی وجہ ہے کہ پارٹی صوبے میں فعال اور مضبوط ہورہی ہے ۔ انہوں نے تمام عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ پارٹی کو ضلعی،تحصیل ، پی بی، وارڈ سطح تک فعال اور منظم بنائیں اور پارٹی پیغام گھر گھر پہنچائیں۔