چیئرمین قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات میاں جاوید لطیف نے وفاقی وزیر فواد چوہدری پر کام میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگادیا۔
ایک بیان میں جاوید لطیف نے کہا کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے کام میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی نے متفقہ طور پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کو بلایا تھا۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات کی طرف سے قائمہ کمیٹی کے کل کے اجلاس کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جارہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ریکارڈ پر ہے کہ تمام کمیٹی ممبر اس معاملے پر ہمارے ہم آواز تھے، اب فواد چوہدری ایجنڈے سے اس معاملے کو نکالنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
جاوید لطیف نے یہ بھی کہا کہ حکومت ایوان کے بعد اب قائمہ کمیٹیوں کی کارروائی بھی بلڈوز کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر نے کل کے اجلاس میں رکاوٹ ڈالی تو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، کل کا اجلاس ضرور ہوگا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ رکاوٹ ڈالی گئی تو کل دن 2 بجے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر کے گیٹ پر اجلاس منعقد کریں گے۔