وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ میں کبھی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی باہر ڈسکس نہیں کی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں ن لیگ کے رانا ثنا اللّٰہ اور وفاقی وزیر علی محمد خان نے اظہار خیال کیا۔
علی محمد خان نے کہا کہ اتحادی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، میں نے کبھی کابینہ کی اندرونی کہانی باہر ڈسکس نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ کسی معاملے پر جتنی بحث ہماری جماعت میں ہوتی ہے اتنی کسی اور میں نہیں، وزیر خزانہ شق وار منی بجٹ پر اتحادیوں، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کو بریفنگ دیں گے۔
رانا ثنا اللّٰہ نے گفتگو کے دوران کہا کہ فواد چوہدری بھی تو اپنے اتحادیوں اور ممبران کے لیے چورن ہی بیچ رہے تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ حکومت اور گورننس نہیں ہے، یہ لوگوں کے ساتھ جبر و ظلم کررہے ہیں، ہم سیاسی طور پر منی بجٹ کی بھرپور طور پر مخالفت کریں گے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے ساتھ تسلسل اور مسلسل رابطہ رہا ہے، منی بجٹ پر اسمبلی میں اپنے نمبرز پورے اور ان کے کم کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ کوئی اور مطالبہ ہے، ہم صرف صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں۔