کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گزشتہ روزسپریم کورٹ کے فیصلے پر مٹھائیاں تقسیم کی گئیں مگر اپوزیشن کا چورن اب نہیں چلے گا، کراچی بدل رہاہے اور بہتر ہوتاہوا نظر آرہا ہے، ہم کراچی کو بدلیں گے، ہر علاقے میں ترقیاتی کام کرائے جائیں گے، کراچی کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے گئے اور کراچی کو تین حصوں میں تقسیم کرکے کاموں کا آغاز کیا گیا ہے، میں وہاں بھی جا رہا ہوں جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کا ووٹ بینک نہیں ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل کالونی یوسی 4 میں نوتزئین شدہ اقصیٰ پارک اور ڈاکٹر اے کیو خان پارک کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ سندھ نے اس حوالے سے ترقیاتی منصوبہ منظور کیا ہے جس کے تحت شارع فیصل سے کالا بورڈ اور گوٹھوں کی طرف جانے والی سڑک تعمیر کی جائے گی، یہ سب کچھ اپنے وسائل کر رہے ہیں، قبضہ مافیا پارکوں پرقبضے کرتے ہیں ہمیں ان کی حفاظت کرنی ہے۔