اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان بار کونسل نے جسٹس عائشہ اے ملک کو سپریم کورٹ لانے کے معاملے پر لائحہ عمل طے کرنے کیلئے تین جنوری کو اجلاس طلب کر لیا ہے۔اجلاس میں صدور سپریم کورٹ و ہائیکورٹس بار ، صوبائی بار کونسلز کے وائس چیئرمین اور جوڈیشل کمیشن کے ممبران شریک ہوں گے۔ وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل نے سنیارٹی اصول کو نظر انداز کرنے پر اہم اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں جسٹس عائشہ اے ملک کو سپریم کورٹ لانے پروکلا رد عمل پر غور کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ لانے کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کیا گیا تھا تاہم کمیشن ممبران نے اکثریتی فیصلہ دیتے ہوے جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ لانے کی منظوری مسترد کردی تھی۔ جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ لانے کیلئے دوسری بار اجلاس طلب کیا گیا ہے۔