• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عبدالکریم ڈیل چاہتے ہیں، سودا نہیں کریں گے، بیوہ ناظم جوکھیو

کراچی میں قتل کئے گئے ناظم جوکھیو کی بیوہ نے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم ڈیل کرنا چاہتے ہیں اور مجھ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول کی بیوہ کا کہنا تھا کہ ناظم جوکھیو کی لاش کا سودا نہیں کریں گے، ایم این اے جام عبدالکریم اگر تم نے کچھ نہیں کیا تو سامنے آؤ اور سامنا کرو۔

ناظم جوکھیو کی بیوہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ انصاف دلانے کے اپنے وعدے سے مکر گئے، اب تک کچھ نہیں کیا۔

دوسری جانب ناظم جوکھیو قتل کیس کی تحقیقات اب تک مکمل نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو چالان جمع کرانے کے لیے 10 دن کی آخری مہلت دے دی۔

گزشتہ روز کراچی کی ملیر کورٹ میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت پر پیپلزپارٹی کے ایم پی اے ملزم جام اویس کو ہتھکڑی لگائے بغیر عدالت میں پیش کیا گیا تھا، دیگر 5 ملزمان کو بھی عدالت میں لایا گیا تھا۔ کیس کی مزید سماعت 10 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے کہ رواں سال نومبر کے اوائل میں ناظم جوکھیو کی لاش کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ کے قریب سے ملی تھی، مقتول کے ورثاء نے الزام عائد کیا تھا کہ پیپلزپارٹی کے ایم پی اے جام اویس کے مہمانوں کے شکار کی ویڈیو وائرل کرنے پر ناظم جوکھیو کو قتل کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید