برنلے (پ ر) جموں کشمیر لبریشن لیگ برطانیہ کے صدر ڈاکٹر مسفر حسن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کا گلگت میں تقریر کے دوران گلگت بلتستان کو پاکستان کے علاقے قرار دینا ان کی آئین پاکستان سے مکمل لاعلمی کا اظہار ہے۔ حال ہی میں اور ماضی میں کئی بار سپریم کورٹ آف پاکستان ان علاقہ جات کے بارے میں وضاحت کرچکی ہے اور آئین پاکستان بھی گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ نہیں مانتا، اس صورت حال میں وزیراعظم پاکستان کا بیان ان کی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ لبریشن لیگ برطانیہ اس کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی کا اعلان کرے گی۔ آزاد کشمیر کے آئندہ ہونے والے انتخابات میں پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی کھلم کھلا مداخلت اور دراندازی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی بونے پاکستان کے بانی قائد محمدعلی جناح کی پالیسی کے خلاف آزاد کشمیر کے سیاسی عمل میں مداخلت کرکے اپنی تاریخ سے نابلد ہونے کا ثبوت دے رہے ہیں، یہ سیاسی جماعتیں آزاد کشمیر کو اکھاڑہ نہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کا یہ صلہمل رہا ہے کہ پاکستان کے نادان سیاست دان کشمیری عوام کے دلوں میں نفرت کے بیج بو رہے ہیں اور اگر ان سیاستدانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو پھر آنے والے حالات کی ذمہ داری انہی پر عائد ہوگی۔