سندھ ہائی کورٹ نے سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کی 15 دن کے لیے حفاطتی ضمانت منظور کر لی۔
عدالت نے بشیر میمن کو 15 دن میں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
درخواستِ ضمانت میں بشیر میمن نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایف آئی اے اُن سے وہ دستاویزات مانگ رہا ہے جو اُن کی تحویل میں نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملزم عمر فاروق ظہور کا نام ریڈ نوٹس سے نکلوانے کا انٹر پول کا اپنا طریقہ کار ہے، ملزم کا نام ریڈ نوٹس سے نکلوانے کا الزام قانون سے نا واقفیت کا نتیجہ ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ بشیر میمن پر منی لانڈرنگ، ملزم عمر فاروق ظہور کا نام ریڈنوٹس سے نکلوانے سمیت متعدد الزامات ہیں۔
ایف آئی اے حکام کا مزید کہنا ہے کہ بشیر میمن بتائیں کہ ملزم عمر فاروق ظہور سے تعلقات کی کیا نوعیت ہے، ملزم سے تعلقات کب سے ہیں اور کتنی نجی ملاقاتیں ہوئیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم عمر فاروق ظہور سوئٹزر لینڈ، ناروے اور ترکی سمیت متعدد ممالک کو مطلوب ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے اپنے سابق ڈی جی بشیرمیمن کو پوچھ گچھ کے لیے آج لاہور میں طلب کیا تھا۔