نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے لیسکو پر ڈھائی کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ نیپرا اعلامیہ کے مطابق لیسکو پر جرمانہ ترسیل اور تقسیم کے نقصانات بڑھنے پر کیا گیا۔
نیپرا اعلامیہ کے مطابق لیسکو کے یہ نقصانات 24-2023 میں بڑھے، جو 15.92 فیصد رہے۔ 23-2022 میں لیسکو کے ترسیل و تقسیم کے نقصانات 11.8فیصد تھے، لیسکوکے ترسیل وتقسیم کے نقصانات بڑھنے سے47 ارب 60 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔
نیپرا کے مطابق لیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا لیکن وہ اتھارٹی کو مطمئن نہ کرسکی، لیسکو کو 15 روز میں نامزد بینکوں میں جرمانہ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیپرا اعلامیہ کے مطابق آئیسکو سے بھی وضاحت طلب کی گئی تھی، نیپرا کی وصولیاں 24-2023 میں 97 فیصد رہیں۔
نیپرا اعلامیہ کے مطابق 23-2022 میں آئیسکو کی وصولیاں 105 فیصد تھیں، آئیسکو نے اتھارٹی کو مطمئن کیا کہ وصولیاں 98 فیصد تھیں۔ آئیسکو کو وصولیاں بہترکرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔