پاکستان کی جملہ سیاست ایک مرتبہ پھر سابق وزیراعظم نواز شریف کے واپس آنے یا نہ آنے کے محور کے گرد گھوم رہی ہے۔ ساری حکومتی ’’مشینری‘‘ گورننس کی بجائے شریف فیملی کو سزا دلانے کے طریقے اور گُر تلاش کرنے کی تگ و دو میں پریشان حال ہے۔ تقریباً پچھلے 15سال سے ہم لندن میں رہنے والے ہمہ وقت اسی گردان میں الجھے ہوئے ہیں کہ نواز شریف آ رہے ہیں اور نواز شریف جا رہے ہیں بلکہ قلم قبیلے کے بعض دوست تو رپورٹنگ کرتے کرتے اب اپنا قبیلہ ہی بدل چکے ہیں! حکومت اب ایک دفعہ پھر خم ٹھونک کر کہہ رہی ہے کہ ’’نواز شریف خود نہیں آئیں گے، ہم انہیں لائیں گے‘‘۔ حکومت کی یہی وہ خوش فہمی یا غلط فہمی ہے جو اس کے وزرا و مشیر وقفے وقفے سے دہراتے اور عوام کو غلط معلومات پہنچاتے ہیں۔ اب پھر کہا جا رہا ہے کہ برطانیہ کے ساتھ قانون تقریباً مکمل ہے، ابھی تین ہفتے قبل یہ کہا گیا کہ پاکستان و برطانیہ کے مابین ملزموں کی حوالگی کے معاہدے پر بڑی پیشرفت ہوئی ہے اور اگلے ہفتے وفاقی کابینہ کی طرف سے اِس معاہدے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، وزارتِ داخلہ نے ملزموں کی حوالگی کی سمری تیار کرکے کابینہ ڈویژن کو ارسال کر دی ہے۔ چنانچہ اب مذکورہ معاہدے کے بعد الطاف حسین، اسحاق ڈار، افتخار حسین اور نواز شریف کو وطن واپس لایا جا سکے گا۔ پاکستان کی وزارتِ داخلہ خود کہہ رہی ہے کہ ہم نے 8سال پہلے برطانیہ کے ساتھ ملزموں کی حوالگی کے معاملے پر مذاکرات شروع کیے تھے، جن میں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی تھی لیکن اب ہم نے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے! ’’حکومت کی اِس سادگی پہ کون نہ مر جائے آخر‘‘۔ سوال یہ ہے کہ ہوم ورک تو آپ نے مکمل کیا ہے، برطانیہ نے تو ہوم ورک کیا ہی نہیں اور نہ ہی وہ کریں گے کیونکہ پاکستان کے ساتھ مجرموں یا ملزموں کی حوالگی کے معاہدے کا برطانیہ کو کیا فائدہ ہوگا آخر؟ اور پھر کوئی ایسا معاہدہ جس میں برطانیہ کا کوئی مفاد نہ ہو بلکہ اس کا انہیں بطور ایک آزاد ریاست نقصان ہوگا تو وہ پاکستان کی خواہش پر یہ معاہدہ کیوں کریں گے؟ برطانیہ ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے اور معاشی طور پر دنیا کی چند بڑی معیشتوں میں اس کا شمار ہوتا ہے، اسے کیا ضرورت ہے کہ اپنے ملک میں آنے والے کھربوں ڈالر کے سرمائے کی راہ میں رکاوٹ ڈالے اور ایسے غیرملکیوں کو بھی اٹھا کر پاکستان یا کسی دوسرے ملک کے حوالے کر دے جو برطانیہ میں رہ کر نہ تو کوئی جرم کر رہے ہیں اور نہ ہی ان پر بوجھ بن رہے ہیں بلکہ ان کے ملک میں بڑے بڑے کاروبار کرکے ان کی معیشت کو مضبوط کرنے کا سبب ہیں۔ قارئین کو یقیناً یاد ہوگا کہ جون 2019میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی لندن آئے، یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے قریشی صاحب کے منہ پر کہہ دیا تھا کہ پاکستان کے ساتھ کسی بھی معاہدے میں سیاسی محرکات پر ملزمان کی حوالگی کی اجازت نہیں ہوگی اور برطانیہ کسی ایسے معاہدے پر دستخط نہیں کرے گا لیکن عمران خان کے مشیر احتساب شہزاد اکبر اُس وقت بھی کہہ رہے تھے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کیلئے برطانوی حکومت کیساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں جو ایک کھلا جھوٹ تھا۔
یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ حکومت خود کہہ رہی ہے کہ پچھلی حکومتیں بھی برطانیہ کے ساتھ ملزموں کی حوالگی کے معاہدے کیلئے بات چیت کرتی رہی ہیں تو پھر آخر کیا وجہ ہے کہ ماضی کی حکومتیں اور گزشتہ تین سال سے موجودہ حکومت ایسا کوئی معاہدہ کرنے میں ناکام رہی ہے؟ اس کی وجہ صاف ظاہر ہے کہ برطانیہ کو ایسے کسی معاہدے میں اپنا کوئی مفاد نظر نہیں آتا۔ رہا یہ سوال کہ اگر یہ معاہدہ ہو جاتا ہے تو پھر برطانیہ بھی اپنے کسی مطلوب ملزم کو پاکستان سے واپس برطانیہ لا سکتا ہے تو اس کا جواب یہ ہے کہ اوّل تو برطانیہ کے ملزم بھاگ کر پاکستان نہیں جاتے، دوم ایسا ہو بھی تو ان کے پاس وہ ’’طاقت‘‘ ہے کہ اپنے کسی ملزم کو بغیر کسی معاہدے کے بھی برطانیہ واپس لے آئیں، ماضی کی ایسی کئی مثالیں موجود ہیں۔ رہا نواز شریف کو پاکستان زبردستی لے جانے کا حکومتی دعویٰ تو یقیناً یہ ’’دیوانے کی بڑ‘‘ سے زیادہ اور کچھ نہیں کیونکہ نواز شریف پاکستان چند ہفتوں میں جائیں یا چند مہینوں میں، وہ جائیں گے اپنی مرضی سے اور تب جب در پردہ چل رہے ان کے مذاکرات ’’ کچھ لو اور کچھ دو‘‘ کی بنیاد پر کامیاب نہیں ہو جاتے۔
نواز شریف کے ویزا کے معاملہ پر بھی بہت سی غلط فہمیاں گردش میں ہیں لیکن اس معاملہ میں بھی ان کے پاس کئی آپشن موجود ہیں جبکہ حکومتِ پاکستان کے پاس صرف دو طریقے ہیں، نواز شریف کو زبردستی واپس لیجانے کے ایک تو Extradition Treatyہے جس کیلئے حکومت کوششیں کر رہی ہے لیکن حکومت نے برطانیہ کے ساتھ اس ٹریٹی میں آنے کیلئے تمام شرائط پور ی کر لی ہیں۔ مثلاً، کیا پاکستان میں سزائے موت اور توہینِ رسالتؐ کے قوانین بدل دیے گئے ہیں؟ کیا پاکستان میں عالمی یا برطانوی طرز پر پولیس کا نظام ہے؟ کیا پاکستان کی عدالتیں عالمی سطح کی عدالتوں جیسا انصاف فراہم کر رہی ہیں؟ حالت تو یہ ہے کہ عالمی درجہ بندی میں 139عدالتوں میں پاکستان کی عدالتوں کا انصاف فراہم کرنے میں 130واں نمبر ہے یعنی پاکستان 129عدالتوں سے نیچے ہے، لہٰذا کیا پاکستان برطانیہ کو یہ ثبوت دے پائے گا کہ ہمارے ملک میں پولیس اور عدالتیں مکمل طور پر آزاد ہیں، ہمارے ہاں سیاستدانوں سے ذاتی یا سیاسی انتقام نہیں لیا جاتا وغیرہ وغیرہ۔ اگر انٹرپول کی طرف جائیں گے تو وہاں بھی اس قسم کے جوابات دینا ہوں گے اور ثبوت بھی فراہم کرنا ہوں گے۔ حکومتِ پاکستان کے پاس ایک اور راستہ بھی ہے وہ لندن ہائی کورٹ میں نواز شریف پر مقدمہ دائر کر دے لیکن حکومت ایسا بھی نہیں کرے گی کیونکہ برطانوی عدالت میں نواز شریف کے وکیل حکومت پاکستان کے وکلا کا حشر نشر کردیں گے، دیگر الزامات کے ساتھ ساتھ نواز شریف پانامہ کی بجائے اقامہ پر ’نکالے جانے‘ کا ذکر بھی کریں گے چنانچہ حکومت اس معاملہ میں بھی یہی سمجھے کہ ’’ہنوز دلی دور است‘‘، تیزی سے بدلتے ہوئے سیاسی حالات کے پیش نظر نواز شریف نے پاکستان تو جانا ہی ہے مگر کب، یہ ملین ڈالر سوال ہے، اگلے سال کے پہلے چار مہینوں میں، یہ کہا جا سکتا ہے اور یہ بھی کہ عام انتخابات سے پہلے، یہ 2023میں ہوں یا 2022میں!