• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں 20 ارب روپے کی گندم کھانے والے کون سے چوہے تھے؟ اسد عمر

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحقیقات کہتی ہے کہ سندھ میں 20 ارب کی گندم چوری ہوئی، سندھ حکومت کہتی ہے گندم چوہے کھاگئے، مجھے معلوم نہیں یہ انسانی چوہے تھے یا کون تھے، پنجاب کی نسبت سندھ میں آٹے کی قیمت زیادہ ہے۔

 کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سندھ بلدیاتی بل کے خلاف درخواست جمع کردی ہے، سندھ حکومت بلدیاتی اداروں کے اختیارات بھی ختم کرنا چاہتی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کے لیے خطرہ پیدا کرنا چاہتی ہے، اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کے اختیارات میں بہت اضافہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی قانون غیرآئینی اور نامکمل جمہوریت ہے، سندھ میں مقامی حکومت کا قانون آئین پر پورا نہیں اترتا۔

اسد عمر نے کہا کہ کورونا کے معاملے پر سیاست لے کر نہیں آتا اور کسی صوبے سے تفریق بھی نہیں کرتا، 7 کروڑ 15 لاکھ لوگوں کی مکمل ویکسی نیشن کرلی ہے، ویکسی نیشن کی مہم کو مکمل کرنے کے لیے 250 ارب روپے خرچ کیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کون ساقانون ہے جو سندھ حکومت کو اپنے شہریوں کے لیے ویکسین خریدنے سے روکتا ہے، اگر ایسا کوئی قانون ہے تو ہمیں بتایا جائے ہم اسے تبدیل کریں گے۔

 اسد عمر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں صوبے بھی اپنی ذمے داری ادا کریں، اومی کرون کی وجہ سے کورونا وائرس کی نئی لہر کے واضح امکانات نظر آرہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید