قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کے اچانک عالمی کرکٹ سے سبکدوشی کے اعلان پر ساتھی کرکٹرز انہیں سوشل میڈیا پیغامات پر زبردست خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
حسن علی:
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے کہا کہ کھیل کے لیے آپ کا جذبہ اور لگن میرے کرکٹ کھیلنے کی اصل وجہ ہے، میں آپ کے ساتھ ڈریسنگ روم کا شیئر کرنے پر خوش ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حفیظ کا شمار محنتی لوگوں میں ہوتا ہے، حسن علی نے یہ بھی لکھا کہ ’اب آپ کے پاس گولف کے لیے پورا وقت ہے۔‘
شاہین شاہ آفریدی:
قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ نے محمد حفیظ کے لیے جاری پیغام میں کہا کہ آپ کا پورا کیرئیر شاندار رہا، ہم سب کو اپنی شاندار حکمتِ عملی سے متاثر کرنے کا شکریہ۔
انہوں نے آئندہ مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
شاہنواز دھانی:
قومی کرکٹر شاہنواز دھانی نے لکھا کہ ’حفیظ بھائی پاکستان کرکٹ میں آپ کے تعاون کا شکریہ۔ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میں نے آپ کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کیا، اور آپ سے سیکھا۔‘
انہوں نے لکھا کہ آپ کو کرکٹ کے تمام 3 فارمیٹس میں اپنی بہترین آل راؤنڈنگ پرفارمنس کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وہاب ریاض:
فاسٹ بولر وہاب ریاض نے لکھا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے آپ کی تمام تر خدمات اور بہترین کیرئیر کے لیے مبارک ہو، ہماری ایک ساتھ کئی خوبصورت یادیں ہیں۔ وہاب ریاض نے حفیظ کے مستقبل کے لیے دعائیہ الفاظ بھی کہے۔
احمد شہزاد:
احمد شہزاد نے محمد حفیظ کے لیے دعا کی کہ آپ کی اگلی اننگز اس سے زیادہ شاندار ہوں۔
فواد عالم:
قومی بیٹر فواد عالم نے کہا کہ محمد حفیظ کی شاندار پرفارمنس کو پاکستان کرکٹ اور شائقین کرکٹ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔