عالمی سطح پر پُھوٹنے والی وبا ،کووِڈ-19کے باعث پوری دُنیا گویا مٹھی میں بند ہوکر رہ گئی تھی کہ اس موذی وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے 2020ء میں جہاں سفری پابندیاں عائد کی گئیں، وہیں لاک ڈاؤن کی حکمتِ عملی بھی متعارف کروائی گئی اور یہ تمام تر اقدامات وائرس سے بچاؤ کے لیے اختیار کیے گئے، لیکن ان سے پوری دُنیا میں جو غیر معمولی صُورتِ حال پیدا ہوئی، اُس کے اثرات 2021ء میں بھی دیکھے گئے۔ پاکستانی فلم انڈسٹری جو پورا سال چمچماتی تھی،2021ء کا نصف سے زائد بیت جانے پر بھی ماند رہی۔
تاہم، ماہِ نومبر میں تقریباً ڈیڑھ دو سال بعد سینما گھر کُھل تو گئے، لیکن دو ہفتے تک کسی بھی فلم ساز نے کوئی فلم ریلیز کرنے میں کچھ خاص دِل چسپی ظاہر نہیں کی۔ نومبر کے تیسرے ہفتے ہدایت کار نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی کی پولیٹیکل تھرلر فلم ’’کھیل کھیل میں‘‘ ریلیز ہوئی، جس کی کہانی 1971ء کے سانحے کے گرد گھومتی ہے۔
فلم میں مرکزی کردار سجل علی اور بلال عباس نے نبھائے، جب کہ جاوید شیخ، مرینہ خان اور منظر صہبائی جیسے منجھے ہوئے اداکار بھی کاسٹ کا حصّہ تھے۔ فلم نے اپنے پہلے ہفتے میں مجموعی طور پر1.85کروڑ روپے کا بزنس کیا، جو سینما گھروں کی بندش کے بعد سامنے آنے والی پہلی فلم ہونے کےباعث اچھا رہا۔ نومبر کے آخری ہفتے میں فلم،’’شینوگئی‘‘ ریلیز ہوئی، جس کے لکھاری اور ہدایت کار ابو علیحہ ہیں۔
فلم کا ٹائٹل پشتو زبان سے لیا گیا، جس کے معنی ’’سبز آنکھوں والی لڑکی‘‘ کے ہیں۔ فلم کی ہیروئن ایک بائیک انسٹرکٹر، مرینہ سید ہیں۔ یہ فلم صوبہ بلوچستان میں فلمائی گئی۔ کم بجٹ میں بنائی جانے والی فلم کا بزنس بھی ٹھیک ہی رہا۔ ماہِ دسمبر میں زومبیز پر بننے والی فلم ’’ادھم پٹخ‘‘ ریلیز کی گئی، جس کے لکھاری اور ہدایت کار بھی ابو علیحہ ہی ہیں۔ فلم کی نمایاں کاسٹ میں فیضان شیخ، حرا عُمر، علی رضوی، شبانہ حسن، طہٰ ہمایوں وغیرہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 17دسمبر کواداکار جنید خان اور منشا پاشا کی فلم ’’کہے دِل جدھر‘‘ بھی ریلیز ہوئی۔ اسے پہلے ہی دِن یوں نقصان اُٹھانا پڑا کہ اُسی روز ہالی وُڈ کی فلم،، ’’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘‘ بھی ریلیز کی گئی۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ہالی وُڈ کی فلم کے ساتھ پاکستانی فلم پیش کرنا بے وقوفی ہی تھی۔ اسی لیے 24 دسمبر کو سیریل کِلر، جاوید اقبال کی زندگی پر بننے والی فلم ’’جاوید اقبال:دی اَن ٹولڈ اسٹوری آف اے سیریل کِلر‘‘ کی نمایش ملتوی کردی گئی، جب کہ تادمِ تحریر ’’قائداعظم زندہ باد‘‘بھی ریلیز نہیں ہوسکی، لہٰذا اس کے حوالے سے بھی پیشگی کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ کام یاب بزنس دےگی یا فلم کی لاگت ہی پوری کرپائےگی۔
سال گزشتہ دبئی میں منعقدہ’’فلم فیئر مڈل ایسٹ اچیورز ایوارڈ‘‘ کی تقریب میں پاکستان سے ماہرہ خان، مایا علی، سجل علی اور احد رضا میر سمیت دیگر اداکاروں کو مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا، تو عائشہ عُمر، شہریار منوّر، فیصل قریشی، اعجاز اسلم اور دیگر فن کاروں نے ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرے۔ سالِ رفتہ کراچی اور اسلام آباد میں ڈرائیو ان سینما کا بھی آغاز ہوا۔ یاد رہے، کبھی کسی دَور میں کراچی مُلک بَھر میں ڈرائیو ان سینماوں کا بڑا مرکز ہوتا تھا۔
بالی وُڈ کا ذکر کریں تو 19مارچ کو ڈائریکٹر سنجے گپتا کی ایکشن فلم ’’ممبئی ساگا‘‘ریلیز ہوئی،جس کی کاسٹ میں جان ابراہم، عمران ہاشمی اور سنیل شیٹھی شامل تھے۔ فلم پر بھارتی50کروڑ روپے کی لاگت آئی، لیکن ڈیلٹا ویرئینٹ کے پھیلاؤ اور سینما گھروں کی بندش کی وجہ سے22 کروڑ تک ہی کما سکی۔ حالاں کہ 11مارچ کو ریلیز کی جانے والی ڈائریکٹر ہردیپ مہتا کی ہارر کامیڈی فلم ’’روہی‘‘ جس پر20 کروڑ روپے کی لاگت آئی، باکس آفس پر 30کروڑ روپےکمانے میں کام یاب رہی۔
13مئی کوبالی وُڈ کے دبنگ ہیرو، سلمان خان کی ایکشن فلم ’’رادھے‘‘سینما گھروں کی بندش کے باعث آن لائن اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ریلیز کی گئی، لیکن ویب سائٹ آن لائن ٹریفک، یعنی ایک وقت میں اَن گنت افراد کے ویب سائٹ پر لاگ اِن ہونے کی وجہ سے کریش کرگئی۔ فلم میں سلمان خان نے ایک پولیس افسر کا کردار نبھایا، دیگر نمایاں کاسٹ میں اداکارہ دیشا پاتانی، جیکی شیروف اور رندیپ ہودا وغیرہ شامل ہیں، جب فلم کے ہدایت کار پربھو دیوا ہیں۔
باوجود اس کہ پربھو سلمان خان کی کئی مقبول ترین فلموں کی ہدایت کاری کا فریضہ انجام دے چُکے ہیں، یہ فلم مجموعی طور پر دبنگ خان کے چاہنے والوں کی توقعات پر پوری نہ اُتر سکی، جب کہ اسٹریمنگ سائٹ پر ریلیز ہونے کے سبب بزنس بھی 18کروڑ روپے کے لگ بھگ رہا۔19اگست کو کھلاڑیوں کے کھلاڑی، اکشے کمار کی فلم ’’بیل باٹم‘‘ بھارت سمیت دُنیا کے مختلف مُمالک کے سینما گھروں میں ریلیز کی گئی، مگر سعودی عرب، قطر اور کویت نے فلم میں کچھ حقائق غلط طور پر پیش کرنے کے سبب فلم پر پابندی عائد کردی۔
ہائی جیکنگ کے موضوع پر مبنی فلم’’بیل باٹم‘‘کا بجٹ 170کروڑ روپے تھا، مگر باکس آفس پر 50کروڑ روپے ہی کما پائی۔اگست ہی کے مہینے میں بالی وُڈ کے ہلک ہوگن(Hulk hogan)، جان ابراہم کی فلم’’سَتیہ مِیو جَیتے۔ٹو ریلیز ہونا تھی، مگر کورونا کیسز میں اضافے کے سبب نومبر میں نمایش کے لیے پیش کی گئی۔واضح رہے، ’’سَتیہ مِیو جَیتے‘‘ بھارت کا سرکاری نعرہ ہے، جس کا مطلب ہے ،’’سچ ہی جیتتا ہے‘‘۔
فلم میں جان ابراہم نے ڈبل رول نبھایا۔ ایک کردار پولیس افسر کا اور دوسرا سیاست دان کا۔ یہ فلم95کروڑ روپے کی لاگت سے بنائی گئی، مگر باکس آفس پر17.29 کروڑ روپے ہی کا بزنس کرپائی۔ نومبر کا مہینہ بھارتی فلمی شائقین کے ساتھ سینما مالکان کے لیے بھی اچھا ثابت ہوا۔ انڈسٹری کے دبنگ خان، سلمان خان اور ان کے بہنوئی آیوش شرما کی فلم’’ انتم:دِی فائنل ٹُرتھ‘‘ کھلاڑیوں کے کھلاڑی، اکشے کمار کی فلم’’ سوریا ونشی‘‘اور بالی وُڈ انڈسٹری کے نواب، سیف علی خان اور اداکارہ رانی مکھرجی کی فلم ’’بنٹی اور ببلی-2‘‘ریلیز ہوئیں۔
فلم سوریا ونشی میں اکشے کمار پولیس کی وردی میں ممبئی کو بچانے کی کوشش میں اپنا سب کچھ لٹاتے نظر آئے۔ اس فلم کے ہدایت کار، ایکشن فلمز کی کام یابی کی ضمانت سمجھے جانے والے روہت شیٹھی تھے، لہٰذا فلم بھی باکس آفس پر کھڑکی توڑ بزنس کرکے با آسانی 100کروڑ کلب میں داخل ہوگئی۔ فلم نے293.34کروڑ سے زائد روپے کا بزنس کیا، جب کہ فلم پر کُل لاگت 165کروڑروپے آئی۔
البتہ فلم بنٹی اور ببلی-2فلمی شائقین کے ساتھ فلمی پنڈتوں کو بھی متاثر کرنے میں ناکام رہی اور باکس آفس پر بمشکل 22کروڑ روپے کا بزنس کرپائی۔ ’’دبنگ سیریز‘‘ میں پولیس انسپکٹر چلبل پانڈے کے کردار کے بعد سلمان خان فلم ’’انتم:دِی فائنل ٹُرتھ‘‘ میں ایک سکھ پولیس افسر کے کردار میں نظر آئے، جب کہ ولن کا کردار ان کے بہنوئی آیوش شرما نے نبھایا، جن کی اداکاری کی تعریف ان کے فینز کے ساتھ مختلف اداکاروں نے بھی کی، مگر فلم باکس آفس پر سلمان خان کی پچھلی فلم جیسا جادو جگانے میں کام یاب نہ ہوسکی اور 58.26کروڑروپے کا بزنس دیا۔
دسمبر کے پہلے ہفتے میں سنیل شیٹھی کے بیٹے آہان شیٹھی کی فلم ’’ٹرپ‘‘ ریلیز ہوئی، جس نے باکس آفس پر 33کروڑ کا بزنس کیا۔ اس کے علاوہ آیوشمان کھرانہ کی فلم ’’چندی گڑھ کرے عاشقی‘‘بھی باکس آفس پر کچھ خاص کر دکھانے میں ناکام رہی اور بمشکل31کروڑ روپے کا بزنس کرپائی۔ دسمبر کے آخری عشرے میں ساؤتھ فلم انڈسٹری کے سُپر اسٹار دھنوش، سیف علی خان کی بیٹی، سارہ علی خان اور اکشے کمار کی فلم ’’اترنگی رے‘‘ ،1983ء ورلڈکپ کی فاتح، بھارتی ٹیم کے کپتان، کپل دیو پر بنی بائیو پک فلم’’83ء‘‘اور ’’جرسی‘‘ ریلیز ہوئیں۔
ہالی وُڈ کا ذکر کریں، تو مارچ کے آخری ہفتے میں سینما کی بڑی اسکرین پر آمنا سامنا ہوا، فلمی پردے کے دو طاقت وَر حریفوں گوڈزیلا اور کنگ کانگ کا فلم، "Godzila vs Kong" میں۔ یہ فلم2017 ء میں ریلیز کی جانے والی فلم ’’کانگ اسکل آئی لینڈ اور 2019ء میں ریلیز ہونے والی فلم،’’گوڈزیلا: کنگ آف دی مونسٹرز کا سیکوئل تھی، جس نے باکس آفس پر467ملین ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا۔23اپریل کو، شائقین کو فلمی پردے پر سائنس، فِکشن اور ایکشن سے بَھرپور فلم’’مارٹل کامبیٹ‘‘دیکھنے کو ملی، جس میں بدی کی طاقت رکھنے والے دیو مالائی سورماؤں کا مقابلہ، زمین پر رہنے والے سورماؤں سے تھا۔
چوں کہ فلم نے شائقین کے ایک مخصوص ہی طبقے کو متاثر کیا تھا، اس لیےباکس آفس پر محض 83 ملین ڈالرز ہی کی کمائی کرپائی۔مئی کے مہینے میں دو فلمیں cruellaاور ’’اے کوائیٹ پلیس-ٹو‘‘(A Quiet place-2)ریلیز ہوئیں۔ کامیڈی اور ڈراما پسند کرنے والوں کے لیے کروایلا دِل چسپی کا باعث ٹھہری، جب کہ ایکشن، سسپنس پسند کرنے والے شائقین کو اے کوائیٹ پلیس-2 اس قدر بھائی کہ فلم نے دیکھتے ہی دیکھتے297ملین سے زائد ڈالرز سے زائد کا بزنس کرلیا۔ جون کا مہینہ فلمی شائقین کے لیے اس لیے بھی کچھ خاص رہا کہ فاسٹ اینڈ فیوریئس سیریز کا نواں حصّہ،’’ایف نائن دِی فاسٹ سیگا‘‘ریلیز ہونا تھا۔ اس فلم میں شائقین کی زیادہ دِل چسپی کی ایک وجہ معروف ریسلر، جان سینا بھی تھے، جو اس فلم کا حصّہ بنے۔
یاد رہے، فاسٹ اینڈ فیوریئس فرینچائز کی تقریباً تمام ہی فلموں نے کھڑکی توڑ بزنس کرکے کئی ریکارڈز اپنے نام کیے۔جب کہ ایف نائن دِی فاسٹ سیگا نے بھی باکس آفس پر726 ملین ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا۔ جولائی کے مہینے میں سینما اسکرینز پر ایف نائن دِی فاسٹ سیگا کا زور توڑنے آئی، فلم بلیک وِڈو(Black Widow)،جس میں اسکارلیٹ جونسنز نے نتاشا نامی سیکریٹ ایجنٹ کا کردار نے ادا کیا۔ وہ اس سے قبل مارویل سیریز کی کئی فلموں میں اہم کردار ادا کرچُکی ہیں۔بلیک وِڈو نے بھی باکس آفس پر 379 ملین ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا۔ بعد ازاں، فلم کی سیکریٹ ایجنٹ کو مشہور ریسلر اور ایکشن ہیرو، ڈوین جانسن (Dwayne Johnson)ٹکر دینے آئے کہ ڈوین جانسن نے فلم’’جنگل کروز‘‘میں ایک ایسے کپتان کا نبھایا، جو لوگوں کو جنگل کی سیر کرواتا ہے۔ اس فلم نے باکس آفس پر 220 ملین ڈالرزسے زائد کا بزنس کیا۔
اگست کے پہلے ہفتے میں فلم’’دِی سوسائیڈ اسکواڈ-2‘‘(The Suicide Squad-2)ریلیز ہوئی، جو کہ فلم’’دِی سوسائیڈ اسکواڈ ‘‘ہی کا سیکوئل تھی۔ اس فلم نے167ملین سے زائد کا بزنس کیا۔ 13اگست کو فلم ’’فری گائے‘‘ (Free Guy) باکس آفس کی زینت بنی اور331ملین ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا۔ ماہِ ستمبر میں ایکشن، ایڈوینچر اور فینٹیسی کے دِل دادہ فینز کو مارویل اسٹوڈیوز نے ملوایا، نئے سُپر ہیرو، سمو لیو سے، جس نے فلم’’شانگ-چی اینڈ دِی لیجنڈ آف دِی ٹین رنگز‘‘(Shang-Chi and the Legend of The Ten Rings) میں شانگ چی کا کردار ادا کیا۔ اس فلم کی ایک خاص بات اس کے تمام کرداروں کا ایشیائی ہونا تھا۔
اسے بھی ناقدین کی جانب سے خُوب سراہا گیا، جس کا ثبوت باکس آفس کلیکشن رہا، جس کے مطابق اس فلم نے 432 ملین ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا۔اکتوبر میں یکے بعد دیگر تین فلمیں ریلیز ہوئیں،جن میں ’’وینم لیٹ دئیر بی کارنیج‘‘،’’ نو ٹائم ٹو ڈائی‘‘ اور ’’ڈیون‘‘ شامل تھیں۔ پہلے بات کرتے ہیں، فلم وینم لیٹ دئیر بی کارنیج کی، جو فلم’’وینم‘‘ کا سیکوئل تھی۔ اس فلم کے ایکشن، ایڈوینچر اور سنسنی خیز مناظر نے شائقین کے دِل جیت لیے، جب کہ ہیرو کا کردار ایک بار پھر نبھایا، ٹام ہارڈی نے۔ فلم نے باکس آفس پر493ملین ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا۔
ناقدین کے مطابق فلم مزید بزنس بھی کرسکتی تھی، اگر اس مہینے جیمز بانڈ سیریز کی فلم ’’نو ٹائم ٹو ڈائی‘‘ ریلیز نہ ہوتی۔ اب جب کہ بات ’’نو ٹائم ٹو ڈائی‘‘ کی ہو ہی رہی ہے، تو کچھ باتیں فلمی پردے کے سب بڑے جاسوس کہلانے اور جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنے والے اداکار ڈینیئل کریگ کی بھی کرلی جائے۔ اس فلم میں ڈینیئل کریگ نے جیمز بانڈ کا کردار آخری بار ادا کیا۔وہ2006 ء سے جیمز بانڈ کا کردار نبھا رہے تھے اور اس عرصے میں پانچویں بار یہ کردار ادا کیا۔
ڈینیئل کریگ نے اس فلم میں جیمز بانڈ کے کردار کے لیے 4ارب روپے سے زائد معاوضہ وصول کیا،جب کہ آخری بار اُن کی فلم نے باکس آفس پر 774ملین ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا۔ یاد رہے، جیمز بانڈ سیریز کی اب تک 27فلمیں ریلیز ہوچُکی ہیں، جب کہ اب شائقین کو اس بات کا انتطار ہے کہ آنے والی فلموں میں جیمز بانڈ کا کردار کس کس اداکار کے حصّے میں آتا ہے کہ بانڈ سیریز میں جاسوس ہیرو کا کردار ادا کرنا ہر فن کار کا خواب ہے۔
اکتوبر کی تیسری ریلیز، ایکشن اور مار دھاڑ سے بَھرپور ایڈوینچر فلم،’’ڈیون‘‘ نے بھی باکس آفس پر374 ملین ڈالرزسے زائد کا بزنس کیاکہ مارویل اسٹوڈیوز ہمیشہ ہی اپنے شائقین کی پسند مدِّنظر رکھتا اور فلمی پردے پر سُپر ہیروز کی تعداد میں اضافہ کرتا رہتا ہے۔ اور پھر مارویل یہ کردار فلمی شائقین میں اس قدر مقبول ہوجاتے ہیں کہ سُپرہیروز سے فیورٹ ہیروز کی مسند پر براجمان ہوجاتے ہیں۔
سالِ رفتہ پاکستانی نژاد کمیل نانجیانی بھی فلم ’’ایٹرنلز‘‘ (Eternals) میں ایک سُپر ہیرو کے کردار میں نظر آئے۔اس فلم میں خلائی مخلوق دُنیا سے بُرائی کے خاتمے کے مشن پر نکلی، تو فلم میں متعدّد نئے سپر ہیروز اکھٹے ہوئے۔ انجلینا جولی بھی سُپر وومن کے کردار میں جلوہ گر ہوئیں، جب کہ فلم میں سلمیٰ ہائیک نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ اس فلم کی تیاری پر 200ملین ڈالرز سے زائد لاگت آئی، جب کہ ایکشن، ایڈوینچر اور پُراسرار طاقتوں کی لڑائی سے بَھرپور فلم نے باکس آفس پر399ملین ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا۔
ہر سال کی طرح2021ء میں بھی دسمبر کا مہینہ، ہالی وُڈ موویز فیز کے لیے بہت خاص رہا کہ10دسمبر کو فلم’’ویسٹ سائیڈ اسٹوری‘‘(West Side Story)ریلیز کی گئی،جو 1961ء کی میوزیکل فلم کا ری میک تھی۔ اس فلم نے 27.5 ملین ڈالرز کا بزنس کیا، جب کہ 17دسمبر کو ایک ساتھ دو فلمیں ریلیز ہوئیں۔
ایک فلم، ’’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘‘تھی، جسے شائقین کی بڑی تعداد نے اس قدر پسند کیا کہ 200 ملین بجٹ سے بنائی گئی فلم نہ صرف ایک بلین ڈالرز سے زائد کمانے والی وبائی دَور کی پہلی فلم بنی، بلکہ 2021ءکی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بن گئی، جب کہ دوسری فلم ’’نائٹ میئر ایلے‘‘ کا بزنس2.8ملین ڈالرز رہا۔22دسمبر کو "The Matrix Resurrections" ریلیز ہوئی، جس نے پہلے تین دِن16 ملین ڈالرز کا بزنس کیا،تودسمبر کے آخر میں "The King's man" ریلیز ہوئی، جو تادمِ تحریر16 ملین ڈالرز کا بزنس کرپائی ہے۔