• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوابی میں گیس سلنڈر دھماکا، گھر میں موجود 4خواتین سمیت 8افراد بُری طرح جھلس گئے

صوابی(نمائندہ جنگ)مرغز ضلع صوابی میں گیس سلنڈر پھٹنے سے گھر میں موجود چار خواتین سمیت آٹھ افراد بُری طرح جھلس گئے۔ جنہیں فوری طور پر خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات موضع مرغز میں شیر غلام نامی شخص کے گھر میں اس کی بیٹی نے جب سلنڈر جلایا تو اس سے اچانک ایک زور دار دھماکہ ہوا جس سے آگ بھڑک اُٹھی اور سارے گھر کو اپنے لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں شیر غلام اس کے تین بیٹے یاسین، حضر ، طلحہ ،بھتیجا یحییٰ ، شیر غلام کی بیوی ، دو بیٹیاں اور ایک نواسی بُری طرح جھلس گئی۔جنہیں فوری طور پر باچا خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور منتقل کر دیا ۔جہاں تشویش ناک حالت میں انہیں پشاور منتقل کر دیا گیا ۔سب انسپکٹر پولیس اسٹیشن زیدہ سبحان اللہ خان بمعہ پولیس نفری موقع پر پہنچے جب کہ مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پا لیا قائمقام گورنرخیبرپختونخوا اسد قیصر جن کا تعلق بھی گائوں مرغز سے ہے نے خیبرٹیچنگ ہسپتال میں گیس سلنڈر دھماکے میں جھلسنے والے زخمیوں کی عیادت کی ۔ ہسپتال کے ڈائریکٹر کوزخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات بہم پہنچانے کی ہدایت کی ۔ قائمقام گورنر اسدقیصر نے خیبرٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف وارڈوں میں داخل ان مریضوں کی فرداً فردا ً جاکر عیادت کی اور ان کی صحت یابی کے لئے دعاکی ہاسپٹل ڈائریکٹر بریگیڈیئر(ر) ڈاکٹر فضل اکبر سمیت دیگر متعلقہ ڈاکٹرز بھی ان کے ہمراہ تھے ڈاکٹرز نے قائم مقام گورنر کو مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی بعدازاں وہ ہسپتال ڈائریکٹر کے آفس گئے جہاں پر مذکورہ مریضوں میں سے بعض شدید زخمیوں کو کھاریاں اور اسلام آباد کے پمز ہسپتالوں میں شفٹ کرنے کے معاملات پر تفصیلی غوروغوض کیا گیا قائمقام گورنر نے اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کو بہترین علاج معالجہ کی فراہمی کے لئے تمام تر اقدامات کریں جبکہ غریب مریضوں کے علاج معالجے پر دیگر ہسپتالوں میں متوقع اخراجات کوبرداشت کرنے کے لئے انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے رابطہ کرنے کا عندیہ دیا۔ انہوں نے ہسپتال ڈائریکٹر کی جانب سے مریضوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کے لئے خصوصی دلچسپی کا اظہار کرنے پر ان کی کارکردگی کو سراہا ۔ مذکورہ ڈائریکٹر نے بتایا کہ ہسپتال ہذا میں گیس اور بجلی کے کم پریشر کے باعث آپریشن تھیٹر سمیت دیگر وارڈوں میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس کے باعث اکثر مریضوں کے بروقت آپریشن وغیرہ میں بھی دقت پیش آتی ہے ۔قائمقام گورنر نے اس موقع پر جی ایم سوئی گیس سے ٹیلفونک رابطہ کرکے کم پریشرکا مسئلہ فوری طور پر حل کرنے کے اقدامات جاری کئے تاکہ مریضوں کو درپیش مشکلات دور کی جاسکیں ۔
تازہ ترین