کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پی آئی اے نے سیالکوٹ سے دبئی کی پروازوں کا آغاز کر دیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق سیالکوٹ سے دبئی کے لئے پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 171 روانہ ہو گئی۔افتتاحی پرواز سے165 مسافر روانہ ہوئے۔ سیالکوٹ ایئر پورٹ پر وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی عثمان ڈار، صوبائی وزیر چوہدری اخلاق اور پی آئی اے کے جنرل منیجر پسنجر سیلز محمد شفیق نے مسافروں کو الوداع کیا۔ ایئر پورٹ پر افتتاحی تقریب میں کیک کاٹا گیا اور مسافروں میں پھول بھی تقسیم کئے گئے۔ سیالکوٹ سے دبئی کے لئے براہ راست پروازوں کے موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ قومی ایئر لائن اپنے ہم وطنوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے مسلسل کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مسافروں کے آرام کا ہر ممکن خیال رکھا جائے ۔