• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی پانچویں لہر، خیبر پختونخوا میں ہیلتھ ایمرجنسی میں 3 ماہ کی توسیع

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے میں کورونا کی پانچویں لہر کے پیش نظر ہیلتھ ایمرجنسی میں 3 ماہ کی توسیع کردی ہے۔

خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صوبے میں کورونا کی پانچویں لہر اومی کرون کے پیش نظر ہیلتھ ایمرجنسی میں 3 ماہ کی توسیع وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کی گئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق صوبے میں ہیلتھ ایمرجنسی یکم جنوری سے 31 مارچ 2022ء تک نافذ ہوگی۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 630 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 2 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 187 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 42 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 945 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 865 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے زیرِ علاج مریضوں میں سے 641 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 57 ہزار 355 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 44 ہزار 198 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 35 لاکھ 58 ہزار 972 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں اب تک کُل 15 کروڑ 66 لاکھ 23 ہزار 21 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 7 کروڑ 5 لاکھ 76 ہزار 467 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔

قومی خبریں سے مزید