• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی کئی روز سے گہرے بادلوں کے نرغے میں ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بوندا باندی اور بارش شروع ہو گئی۔

شہر قائد میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز موسلا دھار بارش شروع ہو گئی، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، بفر زون، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، صدر اور آئی آئی چند ریگر روڈ کے اطراف اور دیگر علاقوں میں بادل برسنے لگے۔

1 روز قبل ہونے والی بارش کے بعد سے شہر کا موسم انتہائی سرد ہو چکا ہے، محکمۂ موسمیات کی جانب سے آج کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی، جس میں بارش کے بعد سردی میں مزید اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا تھا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی شہر میں آج شام یا رات میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ مزید شدت کے ساتھ بلوچستان میں داخل ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے کراچی میں مطلع مکمل ابر آلود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے تحت شہرِ قائد میں شام یا رات میں معتدل بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بارش سے قبل تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ کراچی میں کل دوپہر تک وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے، جمعے کو مغربی ہواؤں کا یہ سسٹم سندھ سے نکل جائے گا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ کراچی میں 8 جنوری سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

سردار سرفراز نے یہ بھی بتایا کہ مغربی ہواؤں کا اگلا سلسلہ 16 یا 17 جنوری کو بلوچستان پر پھر اثرانداز ہو سکتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید