• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہاں گٹکا بکا وہاں پولیس افسر اپنے عہدے پر نہیں رہینگے: DIG ایسٹ

ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر نے کہا ہے کہ جس علاقے سے گٹکے کی فروخت کی شکایات ملیں گی وہ پولیس افسران اپنے عہدے پر نہیں رہیں گے۔

کراچی میں بارانِ رحمت کے باعث ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر نے ضلع شرقی کے ایس ایس پی، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے ساتھ تعارفی اجلاس کے دوران یہ حکم دیا کہ تمام ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز اپنے علاقوں میں گٹکا فیکٹریز کا مکمل خاتمہ کر دیں، اس حوالے سے اگر شکایات موصول ہوئیں تو معافی نہیں ملے گی۔

اجلاس میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام پر زور دیا گیا، تمام ایس ایچ اوز سے باری باری نام، تھانے کا نام اور تعیناتی کی مدت معلوم کی گئی۔

ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر نے پوچھا کہ کوئی ایسا افسر ہے جو پہلی مرتبہ ایس ایچ او لگا ہو تو پتہ چلا تمام افسران وہی ہیں جو مسلسل بدل بدل کر مختلف تھانوں میں ایس ایچ اوز لگتے رہے ہیں، انہیں کوئی بھی تھانیدار ایسا نہیں ملا جو پہلی بار ایس ایچ او لگا ہو۔

ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر نے اچھی کارکردگی پر افسران کو شاباش بھی دی۔

ڈی آئی جی ایسٹ کی جانب سے ایس ایچ او سچل انسپکٹر اورنگ زیب خٹک کو بھاری مقدار میں منشیات پکڑنے پر شاباش دی گئی۔

انہوں نے دریافت کیا کہ نارکوٹکس والوں کے ساتھ ملی بھگت سے تو کام نہیں چل رہا، جس پر تمام افسران زیر لب مسکرا دیئے۔

ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر آج ضلع ملیر اور کورنگی کے افسران سے تعارفی میٹنگ بھی کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید