• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری میں پھنسی گاڑیوں میں جاں بحق افراد کے نام


ملکۂ کوہسار مری میں گزشتہ رات کی برف باری کے باعث ہونے والی اموات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق برف باری میں پھنسنے والی گاڑی میں انتقال کرنے والوں میں اسلام آباد کے اے ایس آئی نوید اقبال، ان کی اہلیہ، 4 بیٹیاں اور 2 بیٹے بھی شامل ہیں۔

گاڑیوں میں ٹھٹھر کر انتقال کر جانے والوں میں 46 سالہ محمد شہزاد ولد اسماعیل، ان کی 35 سالہ اہلیہ اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔

ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ انتقال کرنے والوں میں گوجرانوالہ کے 31 سالہ اشفاق ولد یونس اور لاہور کے 31 سالہ معروف ولد اشرف شامل ہیں۔

پھنسی ہوئی گاڑی میں انتقال کرنے والوں میں 21 سالہ محمد بلال ولد غفار، 24 سالہ محمد بلال حسین ولد سید غوث بھی شامل ہیں۔

ریسکیو حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ مری میں پھنسنے والی گاڑی میں سردی کے باعث ٹھٹھر کر انتقال کرجانے والے 1 شخص کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے رات مری میں پھنسنے والی گاڑیوں میں 16 سے 19 افراد کی اموات کی تصدیق کی ہے، جبکہ نتھیا گلی میں بھی 3 اموات ہوئی ہیں۔

مری میں برف میں پھنسی ہوئی گاڑیوں کو نکالنے کا کام جاری ہے، امدادی کارروائیوں کے لیے پاک فوج کی 5 پیدل پلاٹون، ایف سی اور رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے لیے آج رات شدید موسمی صورتِ حال کا انتباہ جاری کیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے مری اور گرد و نواح میں بارش، برف باری اور طوفان کی پیش گوئی کی ہے، 50 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ طوفان آ سکتا ہے، جس کے دوران شدید برف باری کا امکان ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ مقامی افراد رات گھروں سے نہ نکلیں، ایمبولینس سروسز، سیکیورٹی گاڑیوں اور فائر فائٹرز کو الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔

برف باری ہونے کی وجہ سے لاکھوں افراد نے گزشتہ روز مری کا رخ کیا تھا، برف باری کی وجہ سے متعدد گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں اور ہزاروں سیاحوں نے گزشتہ رات سڑکوں پر گزاری۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید