• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ مری کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری


پنجاب حکومت کی جانب سے سانحہ مری کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ ظفر نصراللّٰہ  کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی سیکرٹریز علی سرفراز اور اسد گیلانی کو  کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اے آئی جی فاروق مظہر بھی تحقیقاتی کمیٹی کے رکن مقرر کیے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق سانحہ مری کی تحقیقاتی کمیٹی کے ٹی او آر طے کردیے گئے، کیمٹی سانحہ مری سے متعلق سرکاری محکموں کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی، کمیٹی تحقیقات کرے گی کہ مری میں سیاحوں، گاڑیوں کو کنٹرول کرنے کے کیا قدامات کیے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق  کمیٹی تحقیق کرے گی محکمہ موسمیات کی وارننگ پر اداروں نے کیا لائحہ عمل اختیار کیا، کمیٹی دیکھے گی کہ کیا میڈیا پر مری آنے سے روکنے کے لیے کوئی وارننگ جاری کی گئی؟

 اعلامیے کے مطابق کیمٹی تحقیقات کرے گی ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے، برفانی طوفان کی اطلاع کے بعد کیا حفاظتی اقدامات کیے گئے۔

کمیٹی 7 روز میں تحقیقات مکمل کر کے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ ملکۂ کوہسار مری میں برف باری کے دوران گاڑیوں میں پھنس کر انتقال کر جانے والوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے۔

حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔

ملکۂ کوہسار مری میں برف باری تھمنے پر امدادی کاموں میں تیزی آ گئی، مری کی تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کردیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید