کراچی(اسٹاف رپورٹر) ابتدائی تین ٹیسٹ جیتنے کے باوجود آسٹریلیا کا ایشز سیریز میں وائٹ واش کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ ہوم سائیڈ جیت کے قریب آکر سڈنی ٹیسٹ میں فتح حاصل نہ کرسکی ۔ چوتھے ٹیسٹ میچ کو انگلش ٹیم ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی ۔ میزبان ٹیم کی جانب سے دیئے گئے 388 رنز کے ٹارگٹ کے تعاقب میں انگلینڈ 9 وکٹ 270 رنز بنا سکی۔ اسٹیورٹ براڈ نے47 منٹ مزاحمت کی انہوں نے8 رنز 35گیندوں پر بنائے۔ جیمز اینڈرسن نے8 منٹ میں چھ گیندیں کھیلیں۔ اسکاٹ بولینڈ نے3 0رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔زیک کرولی77، بین اسٹوکس 60 اور جونی بیئرسٹو 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 416 رنز اور دوسری اننگز 265 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی تھی۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 294 رنز بنائے تھے جبکہ دوسری اننگز 9 میں وکٹ پر 270رنز بنائے تھے۔ آسٹریلوی کی جانب سے عثمان خواجہ نے میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنا کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کیا۔ میچ کے اختتام پر عثمان خواجہ کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ ہوبارٹ میں 14 سے 18 جنوری تک کھیلا جائے گا۔میچ کے آخری دن کا اختتام ہوا تو انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 117 رنز درکار تھے اور آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے صرف ایک وکٹ چاہیے تھی۔میچ کے آخری 10 اوورز میں آسٹریلیا کو جیت کے لیے دو وکٹیں درکار تھیں ۔