• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہین کے پہلے اوور کا جادو، کنگز کو تسخیر کرلیا، قلندرز کی دوسری فتح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کپتان شاہین آفریدی کے پہلے اوور کے جادو کی مدد سے لاہور قلندر نے کراچی کو تسخیر کرلیا، منگل کو نیشنل بنک اسٹیڈیم میں کنگز 201 رنز کے تعاقب میں پانچ گیندیں قبل 136رنز پر ڈھیر ہوکر 65رنز سے مات کھاگئے ۔ لاہور کے فخر زمان نے ایک رن پر جیمس وینس کی ہاتھوں نئی زندگی ملنے کے بعد کراچی کے بولرز کی بھر پور پٹائی کی۔ وہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں اڑا کر سنسنی پھیلا دی۔ جیمس وینس اور کپتان ڈیوڈ وارنر بغیر کوئی رن بنائے اننگز کے پہلے ہی اوور میں وکٹ گنوا بیٹھے، رہی سہی کسر آصف آفریدی نے ٹم سائیفرٹ 18کو آؤٹ کر کے پوری کر دی۔ خوش دل شاہ نے 27گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے39 ، حسن علی نے25 گیندوں پر دو چکوں اور دو چھکوں کی مدد سے27 رنز بناکر ٹیم کی سنچری کرائی ۔ شاہین آفریدی نے34، رشاد حسین نے26 رنز دے کر تین، تین ، سکندر رضا نے13رنز پر دو ، آصف آفریدی اور حارث رؤف نے ایک، ایک شکار کیا ۔ قبل ازیں قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 201 رنز بنائے ۔ فخر زمان نے 75 اور ڈیرل مچل نے 76 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے درمیان125رنز کی شراکت ہوئی، فخر زمان نے47گیندوں پر6چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے ایونٹ میں اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کی، ڈیرل مچل نے41 گیندوں کا سامنا کیا اورنو چوکے ، دوچھکوں سے 76 رنز بنائے، سیم بلنگز 19، عبداللہ شفیق 6، محمد نعیم 7 رنز بناسکے۔ سکندر رضا 10 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کنگز کیلئے حسن علی نے 28 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عباس آفریدی نے 47رنز دے کرایک وکٹ حاصل کی۔

اسپورٹس سے مزید