• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مالی بے قاعدگیاں، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ دفتر پر اینٹی کرپشن کا چھاپہ

ڈھاکہ (جنگ نیوز) بنگلہ دیش کے انسداد بدعنوانی کمیشن نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ہیڈکوارٹر پر چھاپہ مارکر مالی بے ضابطگیوں کے سلسلے میں اہم دستاویزات تحویل میں لے لیں۔ چھاپے کے بعد حکام نے بورڈ چیف ایگزیکٹو نظام الدین چودھری کے ہمراہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ تحقیقات بورڈ کے ٹکٹ فروخت میں مالی بے قاعدگی، ’’مجیب 100‘‘ پروگرام کے اخراجات میں خوردبرد، اور تھرڈ ڈویژن کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں قواعد کی خلاف ورزی سے متعلق الزامات پر کی جا رہی ہے۔ یہ پروگرام سابق دور میں شیخ مجیب الرحمان کی 100ویں سالگرہ کا جشن منانے کیلئے شروع کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق، بنگلہ دیش لیگ کے گزشتہ سیزن میں آمدنی اور حالیہ سیزن میں ٹکٹوں سے حاصل ہونے والی رقم میں واضح فرق ہے، جب کہ مجیب 100 پروگرام کے مالی ریکارڈز میں بھی تضادات پائے گئے ہیں۔ تمام شواہد اور دستاویزات کی جانچ کے بعد رپورٹ مرتب کی جائے گی، جس کی بنیاد پر آئندہ کارروائی کا فیصلہ ہوگا ۔ نظام الدین چودھری نے کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ضروری دستاویزات فراہم کریں۔

اسپورٹس سے مزید