• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں جماعت اسلامی کے دھرنے میں مصطفیٰ کمال کی آمد



پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین اور سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال بلدیاتی بل میں ترامیم کے خلاف سندھ اسمبلی کے باہر 11 روز سے جاری جماعت اسلامی کے دھرنے میں پہنچ گئے۔

مصطفیٰ کمال نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے دھرنے میں آنے کا مقصد یہ بتانا ہے کہ دھرنے پر بیٹھے لوگ اکیلے نہیں ہیں۔

پی ایس پی کے چیئرمین نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کے ساتھ دھرنے میں کارکنوں سمیت جماعت اسلامی کے جھنڈے تلے بیٹھنے کے لیے تیار ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ان کی جدوجہد اس شہر اور عوام کے لیے ہے۔

واضح رہے کہ سندھ میں متنازع بلدیاتی قانون کے خلاف کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہر جماعتِ اسلامی کا احتجاجی دھرنا گیارہویں روز بھی جاری ہے۔

شدید سردی کے باوجود جماعت اسلامی کے کارکنان دن رات دھرنے میں موجود ہیں جو مطالبات کی منظوری تک احتجاج ختم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک سندھ بلدیاتی قانون تبدیل نہیں کیا جاتا دھرنا جاری رہے گا۔

قومی خبریں سے مزید