• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانا تنویر کا چیئرمین نیب کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا عندیہ

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) رانا تنویر حسین اور چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) رانا تنویر حسین اور چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) رانا تنویر حسین نے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف ریفرنس دائر کرنےکا عندیہ دے دیا۔

اسلام آباد میں ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا کہ خط چیئرمین نیب کے علم سے جاری ہوا ہے تو ان کے خلاف ریفرنس دائر ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیےکمیٹی سے اجازت لینی ہے، خط لکھ کر کمیٹی کو مس لیڈ کرنےکی کوشش کی گئی۔

رانا تنویر نے بتایا کہ پی اے سی کو وزیرِ اعظم عمران خان کے نام پر لکھے گئے خط کی انکوائری کر رہے ہیں، وزیرِ اعظم کا دفتر اس میں ملوث ہے تو ان سے پوچھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ذمے داروں کا تعین کر کے کارروائی کی جائے گی، ہم نے سیکریٹری کابینہ کو 3 دن کے اندر تفصیلات دینے کا کہا ہے۔

چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ تفصیل آنے کے بعد ہم وزیرِ اعظم اور چیئرمین نیب کو لکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کو کمیٹی کے سامنے آنا پڑے گا، ان کے پاس کوئی دوسرا آپشن ہی نہیں۔

رانا تنویر نے کہا کہ چیئرمین نیب پی اے سی کو لکھے گئے خط سے دستبردار ہوئے اور کہا کہ وزیرِ اعظم کا نام غلطی سے گیا، وزیرِ اعظم کا نام غلطی سے نہیں آتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب نے خود کہا تھا کہ 6 تاریخ رکھ لیں میں آؤں گا، چیئرمین نیب نے نیب کی برآمدگیوں کی تفصیل پر بات کرنا تھی۔

چیئرمین پی اے سی رانا تنویر نے یہ بھی بتایا کہ اسی دن وزیرِ اعظم کے نام سے خط آیا، حالانکہ وزیرِ اعظم تو خود پارلیمنٹ کو جوابدہ ہیں۔

قومی خبریں سے مزید