• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: سرکاری و غیر سرکاری اسپتالوں کے 500 سے زائد ارکان کورونا کا شکار


کراچی میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں تیز ہوگئیں، طبی عملے کی بڑی تعداد بھی وبا کی لپیٹ میں آگئی۔

شہرِقائد کے سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں کے 500 سے زائد ارکان کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کورونا کی نئی لہر کا شکار ہونے والوں میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور انتظامی عملہ شامل ہے۔

کراچی میں ڈائیگناسٹک سینٹرز اور لیبارٹریوں کے اراکین بھی بڑی تعداد میں وائرس کا شکار بنے ہیں۔

جناح اسپتال، سول اسپتال اور قومی ادارہ برائے امراض قلب میں ڈاکٹر او رپیرا میڈیکل اسٹاف بھی وبا سے متاثر ہوا ہے۔

آغا خان اسپتال، لیاقت نیشنل اسپتال، سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن، لیاری جنرل اسپتال، سروسز اسپتال کے کئی لوگ بھی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے حکام نے اعتراف کیا ہے کہ طبی عملہ بھی بہت تیزی سے کورونا کا شکار ہو رہا ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ طبی عملے کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے سے متعلق اعداد و شمار جمع کر رہے ہیں۔

دوسری طرف وفاقی وزارت صحت کے حکام نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں طبی عملہ تیزی سے کورونا وائرس کا شکار ہو رہا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے حکام کے مطابق اس وقت لاہور میں 150 سے زائد طبی عملے کے ارکان کورونا وائرس کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے اسپتالوں میں عملے کی کمی واقع ہورہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید