شیخوپورہ (نمائندہ جنگ سے)سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے خلاف پانچ سال تک بے بنیاد پراپیگنڈہ کرنے کی سزا موجودہ حکومت کو پاناما لیکس کی صورت میں ملی ہے نواز لیگ مقافات عمل کا شکار ہوئی ہے ، شہباز شریف کے وہ دستی پنکھے اب کہا ہیں جو وہ لوڈشیڈنگ کے دوران مینار پاکستان کے سائے تلے لیکر بیٹھا کرتے تھے 2013کے انتخابات میں نواز لیگ کو عوام نے نہیں آر اوز نے ووٹ ڈالے تھے ، اللہ تعالیٰ نے نواز لیگ کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا ہے اور عوام نواز لیگ کے چند ماہ میں ارب پتی بن جانے والے چہروں سے بھی واقف ہوگئے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پیپلز پارٹی سٹی سیکرٹریٹ شاہ کالونی میں منعقدہ جلسہ عام خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا سابق وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکمران اگر عوام اور ملک سے مخلص ہوتے تو کھربوں روپے کی سرمایہ کاری دشمن ملک بھارت سمیت دوسرے ممالک میں نہ کرتے ، انہوں نے کہا کہ اب ملک کا بچہ بچہ پاناما کا سر لگا رہا ہے اور حکمرانوں کی کشتی میں سوراخ ہونا شروع ہو گئے ہیں ان کی حوس اقتدار کی ناؤ کسی وقت بھی ڈوب سکتی ہے پیپلز پارٹی آج بھی جمہوری اداروں کے استحکام پر یقین رکھتی ہے ۔جلسہ عام سے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں ندیم افضل چن، رانا فاروق سعید، چوہدری منظور احمد، ندیم اصغر کائرہ کے علاوہ م دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔