• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان: کورونا شرح ساڑھے 9 فیصد کے قریب، مزید 10 اموات


پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 42 ویں نمبر پر ہے، تاہم یہاں کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بڑھ کر ساڑھے 9 فیصد کے قریب پہنچ گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 34 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 10 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 1 ہزار 125 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 9 اعشاریہ 45 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 29 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 33 ہزار 521 ہو چکی ہے۔

ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 9 اعشاریہ 45 فیصد پر آ گئی


ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 39 ہزار 881 زیرِ علاج مریضوں میں سے 827 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 64 ہزار 611 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 53 ہزار 253 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 42 لاکھ 39 ہزار 761 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 5 لاکھ 5 ہزار 930 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 703 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 54 ہزار 372 مریض پورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 13 ہزار 91 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 82 ہزار 419 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 5 ہزار 963 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 11 ہزار 855 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 969 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 34 ہزار 770 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 749 مریض وفات پا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 33 ہزار 729 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 367 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 10 ہزار 446 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 187 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید