• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں کورونا کیسز کی شرح 40 فیصد سے زائد


ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 40 فیصد سے تجاوز کر گئی۔

وفاقی وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق شہرِ قائد میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 40 اعشاریہ 13 فیصد ہو گئی۔

کراچی میں گزشتہ روز 7 ہزار 232 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے، جن کے نتیجے میں 2 ہزار 902 نئے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔

ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 9 فیصد کے قریب ہو گئی

وفاقی وزارتِ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ کراچی سمیت ملک کے 7 شہروں میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 10 فیصد سے زائد ہو گئی۔

حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 14 فیصد، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 فیصد ہو گئی۔

کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح راولپنڈی میں 10 اعشاریہ 26 فیصد، مظفر آباد میں 21 فیصد اور پشاور میں 11 فیصد کے قریب پہنچ گئی۔

دوسری جانب پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 472 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 8 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 628 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 9 اعشاریہ 48 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 37 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 38 ہزار 993 ہو چکی ہے۔

قومی خبریں سے مزید