• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوک اسٹوڈیو نے’تو جھوم‘ کیلئے موسیقی چوری کرنے کے الزامات کی تردید کردی

کوک اسٹوڈیو نے’تو جھوم‘ کیلئے موسیقی چوری کرنے کے الزامات کی تردید کردی
کوک اسٹوڈیو نے’تو جھوم‘ کیلئے موسیقی چوری کرنے کے الزامات کی تردید کردی

پاکستان کے معروف میوزِک شو ’کوک اسٹوڈیو‘ کی جانب سے شو کے حالیہ ریلیز ہونے والے گانے’تو جھوم‘ کے لیے پروڈیوسر زلفی پر موسیقی چوری کرنے کے الزامات کی تردید کردی گئی ہے۔

کوک اسٹوڈیو نے اس حوالے سے شواہد کے ساتھ بیان جاری کردیا ہے۔

شو کی انتظامیہ کی جانب سے بیان میں موسیقی کی چوری کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’مبینہ طور پر نیرملا مگھانی کے اپنا ڈیمو زلفی  کو بھیجنے سے ایک ماہ قبل شو کے نئے سیزن کے پروڈیوسر زلفی اور ایسوسی ایٹ پروڈیوسر عبداللّہ صدیقی نے مئی میں اس گانے پر کام کرنا شروع کیا تھا۔‘

اس حوالے سے زلفی کا اپنے دوسرے بیان میں کہنا ہے کہ ’جیسا کہ وہ پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ وہ مل کر کام کرنے کے جذبے کے ساتھ اپنے پراجیکٹس پروڈیوس کرتے ہیں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’کوک اسٹوڈیو کے ساتھ بھی وہ اپنے اسی فلسفے پر قائم ہیں۔‘

اُن کا کہنا ہے کہ ’اُن کا کام کبھی کریڈٹ کے بغیر نہیں ہوتا، اُن کا جتنا بھی   کام دنیا دیکھتی ہے، وہ سب شراکت داری اور تعاون پر ہی منحصر ہے۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ امید کرتے ہیں کہ اُن کے کیریئر میں بھی یہ بات بہت واضح طور پر محسوس کی جاسکتی ہے۔‘

زلفی کی جانب سے ثبوت کے طور پر دی گئی واٹس ایپ کی ریکارڈنگ سے پتہ چلتا ہے کہ زلفی نے مئی میں ایسوسی ایٹ پروڈیوسر عبداللّہ صدیقی کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی تھی۔

اس ریکارڈنگ میں گانے ’تو جھوم‘ کو موسیقی کی دُھنوں پر گنگنا رہے ہیں اور اس حوالے سے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر کی رائے پوچھ رہے ہیں۔ 

خیال رہے کہ عمرکوٹ سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ نیرملا مگھانی نے ’کوک اسٹوڈیو‘ کے سیزن 4 کے گانے ’تو جھوم‘ کے لیے اُن کی موسیقی چوری کرنے کا الزام عائد کیا ہے جوکہ نیرملا نے شو کے پروڈیوسر زلفی کو اس سیزن کے  آغاز سے پہلے اپنے ایک ڈیمو کے طور پر بھیجی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید