• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

1993 ممبئی دھماکے: سبھاش گھائے نے سنجے دت کو بےگناہ قرار دیدیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

نامور بھارتی فلم ساز سبھاش گھائے نے کہا ہے کہ 1993 میں ممبئی میں ہوئے بم دھماکوں میں معاونت کے الزام میں گرفتار ہونے والے سنجے دت بے گناہ تھے۔ 

خیال رہے کہ یہ اس وقت کی بات ہے جب سنجے دت اور سبھاش گھائے میں گہری دوستی تھی اور ان کی بلاک بسٹر فلم کھلنائیک ریلیز ہوئی تھی اور کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی تھی۔ 

ایک انٹرویو کے دوران سبھاش گھائے کا کہنا تھا کہ میں سنجے دت کو تب سے جانتا تھا جب وہ ایک بچہ تھا میں نے اس کی دوسری فلم ودھاتا کی بھی ہدایتکاری کی تھی اور اس فلم کے دس سال بعد میں نے اسے فلم کھلنائیک میں کاسٹ کیا تھا۔ 

فلم ساز کا کہنا تھا کہ میں بہت قریب سے سنجے دت کو جانتا تھا، جب وہ گرفتار ہوا تو میں جانتا تھا کہ وہ بے گناہ ہے اور اسے پھنسایا گیا ہے۔ 

فلم کھلنائیک اور اس کے مشہور زمانہ گیت 'چولی کے پیچھے کیا ہے' پر بات کرتے ہوئے سبھاش گھائے نے کہا کہ میں نے فلم کھلنائیک کی پروموشن پر ایک روپیہ خرچ نہیں کیا، میں خاموش رہا، 'چولی کے پیھچے کیا ہے' پر ایک ہنگامہ رہا، 32 سیاسی تنظیمیں میرے خلاف ہوگئیں، مجھ پر عدالت میں کیسز دائر ہوئے۔ 

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سبھاش گھائے کا کہنا تھا کہ لیکن میں خاموش رہا، میں جانتا تھا جو فلم میں نے بنائی، میں جانتا تھا جو سنجے دت ہے، میں جانتا تھا جو گیت میں ہے۔ 

خیال رہے کہ دہشتگردی جیسے سنگین الزام میں بھارتی اداکار سنجے دت کو 1993 میں گرفتار کرلیا گیا تھا، وہ ایک ماہ بعد ضمانت پر رہا ہوئے لیکن 1994 میں ضمانت منسوخ ہونے پر انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا جس کے بعد اکتوبر 1995 میں جیل سے باہر آئے۔ 

2006 میں سنجے دت ایک 9 ایم ایم پستول اور اے کے 56 رائفل رکھنے کے الزام مجرم ٹھہرے جس کے بعد انہیں کچھ ہفتے جیل میں گزارنا پڑے اور ضمانت مل گئی، تاہم انہوں نے 2013 سے 2016 تک دوبارہ جیل کاٹی۔ 

انٹرٹینمنٹ سے مزید