• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیک ری پبلک کی لوک گلوکارہ ہانا ہور کورونا سے ہلاک

لندن (آئی این پی) یورپی ملک چیک ری پبلک کی معروف گلوکارہ کو کورونا وائرس کو سنجیدہ نہ لینا مہنگا پڑگیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چیک ری پبلک لوک گلوکارہ ہانا ہورکا جو اسونینس بینڈ سے وابستہ تھیں ، 57 سال کی عمر میں کورونا کے باعث ہلاک ہوگئیں۔ گلوکارہ کے بیٹے جان ریک نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری والدہ نے کورونا ویکسین لینے سے انکار کردیا تھا اور ملکی ہیلتھ پاس حاصل کرنے کے لیے جان بوجھ کر انفیکشن کو دعوت دی۔ہلاک ہونے والی گلوکارہ کے بیٹے کے مطابق میرے والد اور میں نے کورونا کی دونوں ویکسین لگارکھی ہیں اور گزشتہ سال دسمبر میں ہمارا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا جب کہ میری والدہ ہمارے ساتھ رہنے کے باوجود کورونا ویکسین لگوانے سے انکار کرتی رہیں اور انہوں نے خود اس وبا کو دعوت دی۔ گلوکارہ کے بیٹے نے چیک ری پبلک میں مقامی سطح پر کورونا ویکسین کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو اپنی ماں کی موت کی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ میری ماں نے اپنی فیملی کے بجائے غیروں کی باتوں پر یقین کیا۔

دل لگی سے مزید