• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: گرد آلود ہوا، حدِ نگاہ متاثر، آئندہ چند دنوں میں شدید سردی کی پیشگوئی

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گزشتہ روز سے چلنے والی تیز گرد آلود ہواؤں کے باعث حدِ نگاہ شدید متاثر ہوئی ہے، ایئر پورٹ کے قریب حدِ نگاہ 500 میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ شہر میں آئندہ چند روز کے دوران شدید سردی کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شہرِ قائد میں سردی کی موجودہ لہر مزید 5 روز رہے گی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق ہوا کا ایک کم دباؤ پنجاب، کشمیر اور دیگر علاقوں میں موجود ہے، یہ ہوا کا کم دباؤ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا باعث بن رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہوا کا ایک زائد دباؤ (ہائی پریشر ایریا) بلوچستان میں موجود ہے، ہوا کے ان دونوں دباؤ کے باعث تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ کراچی میں چلنے والی تیز ہواؤں کی سمت شمال مغرب ہونے کے باعث یہ سرد ہو گئی ہیں۔

سردار سرفراز نے مزید بتایا ہے کہ شہرِ قائد کراچی 27 جنوری تک سردی کی لہر کی لپیٹ میں رہ سکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس دوران شہرِ قائد کا کم سے کم درجۂ حرارت 8 سے 9 ڈگری تک ہوسکتا ہے، کسی دن درجۂ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی گر سکتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید