• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کا پیغام اُن کیلئے جو انہیں نکال سکتے ہیں، رانا ثنا اللّٰہ

مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا پیغام اُن کے لیے ہے جو انہیں نکال سکتے ہیں۔

جیونیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کے دوران رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ ان کی گفتگو سے لگتا ہے یہ لوگ بوکھلائے ہوئے ہیں،عمران خان کا پیغام ان کو ہے جو انہیں نکال سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تو ان کے خلاف عدم اعتماد لاسکتےہیں یا الیکشن لڑسکتے ہیں، ہم کوئی غیر قانونی طریقے سے ان کو نکالنے کو تیار نہیں ہیں۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ جس دن جنرل الیکشن ہوں گے، یہ لوگ اپنے گھروں سے نہیں نکل سکیں گے، جب یہ باہر نکلیں گے، ان کو جوتے پڑیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور ان کے فیملی کے خلاف انہوں نے تمام مواد برطانیہ کو دیا، 2 سال لگائے لیکن برطانوی ادارے نے ن لیگی صدر کو کلیئر کر دیا۔

رانا ثنا اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے نواز شریف کو منتیں کرکے باہر بھیجا، اٹارنی جنرل اپنی کارروائی کریں، ہم بھی رپورٹس جمع کرائیں گے۔

ن لیگ پنجاب صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے کرپشن کے الزامات کا جواب دیا ہے اور وہ عدالتوں میں جمع ہے۔

قومی خبریں سے مزید