• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کو فوراً کراچی آنا چاہیے، خالد مقبول صدیقی


متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم سے آئی جی سندھ کو معطل کرانے کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو فوراً کراچی آنا چاہیے۔

ایم کیو ایم ریلی پر شلینگ کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ وزیراعظم صاحب، ہم پاکستان کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو آج فیصلہ کرنا ہے کہ پاکستان توڑنے والوں یا پاکستان بچانے والوں کے ساتھ ہیں۔

ایم کیو ایم سربراہ نے مزید کہا کہ ہم جمہوریت کو پاکستان کا واحد راستہ سمجھتے ہیں، وزیراعظم صاحب اپنے اس آئی جی سندھ کو معطل کرائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس وزیراعلیٰ کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، جس کے دروازے پر خواتین کو ڈنڈے پڑے۔

خالد مقبول صدیقی نے یہ بھی کہا کہ کل کراچی میں یوم سیاہ منایا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ استعفیٰ دیں ورنہ ان پر شہر کے دروازے بند کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریلی میں جس طرح خواتین سے سلوک کیا گیا ہماری غیرت پر سوال ہے، ایم پی اے صداقت حسین کے ساتھ جو کچھ کیا گیا اس کا حساب لیا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ ڈنڈے جو ہم پر برسائے گئے ہمارے ہی پیسوں سے خریدے گئے، آنسو گیس کے جو شیل ہم پر چلائے گئے وہ بھی ہماری جیب سے آتے ہیں۔

ایم کیو ایم سربراہ نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کو لےجایا گیا ہے، چند گھنٹوں میں خبر نہ ملی تو فیصلوں میں آزاد ہوں گے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ رابعہ باجی، صداقت حسین اور دیگر کو رہا نہ کیا گیا تو وہ تھانے اپنے بارے میں خود فیصلہ کریں، ہم لڑنا نہیں چاہتے لیکن آپ جانتے ہیں کہ ہم لڑنا جانتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید