• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف آئی اے کا حریم شاہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کیلئے مراسلہ ارسال

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی انکوائری کرنے والے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ٹک ٹاکر کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے پاکستان میں 2 بینک اکاؤنٹس ہیں جن میں ایک کھاتہ بینک آف پنجاب کی لاہور برانچ میں ہے جبکہ دوسرا اکاونٹ حبیب بینک کی کراچی برانچ میں ہے۔ایف آئی اے حکام نے فضا حسین عرف حریم شاہ کے دونوں بینک اکاؤنٹس انکوائری کی تکمیل تک منجمد کیے جانے کے لیے متعلقہ حکام کو خط لکھ دیا ہے۔ خیال رہے کہ حریم شاہ نے چند دن پہلے لندن پہنچ کرغیرملکی کرنسی کے بنڈلز کے ساتھ ایک ویڈیو بنائی تھی، ویڈیو میں حریم شاہ کے پاس بھاری غیرملکی کرنسی دیکھی گئی تھی۔ویڈیو میں حریم شاہ نے کہا کہ تھا کہ وہ یہ رقم پاکستان سے لیکر بیرون ملک گئی ہیں، ویڈیو میں پاکستانی اداروں کا تمسخر بھی اڑایا گیا تھا۔ بعد ازاں ایف آئی اے نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے منی لانڈرنگ قانون کے تحت انکوائری شروع کرنے کا اعلان کر دیا تھا تاہم اسی روز حریم شاہ نے اس ویڈیو کو ایک مذاق قرار دیا تھا۔جبکہ ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم نے بھی انکوائری درج کرلی تھی ۔عمران ریاض نے کہاکہ ویڈیوز سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ ریاستی اداروں کی تضحیک، خلل ڈالنے اور بدنام کرنے کا عمل ہیں، ان کا یہ عمل منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ حریم شاہ کے مؤقف کی وضاحت کے لیے انہیں باضابطہ نوٹس جاری کیا جا رہا ہے۔جس پر معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے منی لانڈرنگ کے الزامات کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئےکہا ہےکہ سچی باتیں کڑوی لگتی ہیں تو ہزار بار لگیں، میں توکروں گی۔شہزاد اکبر مجھ پر وقت ضائع کرنےکے بجائے نواز شریف کے کیس پر توجہ دیں،شہزاد اکبر کے خط سے خائف نہیں، لندن میں ʼچِلʼ کر رہی ہوں، برطانیہ میں ثبوت چلےگا، باتیں نہیں، حکام کے رابطوں اور کیسوں سے نہیں گھبراتی،کچھ اور حقائق بھی بتاسکتی ہوں۔

دل لگی سے مزید