• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

SPRC ڈائریکٹر کا اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ فیڈریشن ہاؤس کا دورہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) حکومت بلوچستان کے اعلیٰ اختیاراتی اسٹریٹجک پلاننگ اینڈ ریفارمز سیل(SPRC) کے ڈائریکٹر رفیع اللہ کاکڑ نے سیل کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ فیڈریشن ہاؤس کراچی کا دورہ کیااور ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں اور ممتاز کاروباری رہنماؤں کو تفصیلی پریذنٹیشن دی۔ رفیع اللہ کاکڑ نے کہا کہ حکومت بلوچستان کا اس بات پر اتفاق ہے کہ صوبے کی ایک جامع، مساوی، تیز رفتار اور پائیدار اقتصادی اور تجارتی ترقی کا راستہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ثابت شدہ، ترقی پسندانہ اور عالمی معیار کے طریقہ کار سے ہی ممکن ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بہت سے ممالک میں پہلے ہی کامیابی سے روبہ عمل ہے اور دنیا بھر میں اس سے سماجی اور اقتصادی فوائد حاصل کیے گئے ہیں۔ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر انجینئر ایم اے جبار نے کہاکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے پروگرام نہ صرف اقتصادی، سماجی اور تجارتی انفراسٹرکچر کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں؛ بلکہ مسلسل بنیادوں پر روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا کرکے عوام کو تعلیم اور بااختیار بنانے کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوریجنل آئیڈیاز، مقامی ہم آہنگی اور مقامی ملکیت ترقی کو پائیدار اور سماجی طور پر سود مند بنا دیتی ہے۔انجینئر جبار نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ SPRC بورڈ کوایف پی سی سی آئی کے ایک نمائندے کو بورڈ میں شامل کرنا چاہیے تاکہ سرمایہ کاروں اور تاجروں کے تحفظات کو بروقت اور مؤثر طریقے سے اوپر تک پہنچانے کے ذریعے پراجیکٹس پر پیش رفت کی جا سکے۔بلوچستان کی ممتاز کاروباری شخصیت حاجی جمال الدین اچکزئی نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ وہ صوبے میں ڈرائی پورٹس کے لیے زمین فراہم کرے؛ خاص طور پر سرحدی علاقوں اور سرحدی بازاروں میں علاقائی ممالک کے ساتھ تجارت کے لیے ان کی بہت اہمیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائی پورٹس کو کامیاب اور مکمل طور پر آپریشنل بنانے کے لیے بنیادی انفرااسٹر کچر، یوٹیلیٹیز اور سیکیورٹی بھی فراہم کی جانی چاہیے ۔ایس ایم ایزکے ممتاز کاروباری رہنما حاجی محمد یعقوب نے تجویز پیش کی کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں میں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (SMEs) کو ترجیح دی جانی چاہیے؛ کیونکہ انہیں سب سے زیادہ سپورٹ کی ضرورت ہو تی ہے اور یہ معاشی ترقی اور روزگار پیدا کرنے کے حقیقی انجن ہیں۔