نئی دہلی (جنگ نیوز )بھارت میں انسانیت سوز واقعہ رونما ہوا اور ایک خاتون کو گینگ ریپ کے بعد دارالحکومت کی سڑکوں پر گھمایاگیا،جس کی وزیر اعلی سمیت دیگر حکام نے مذمت بھی کی ہے۔خاتون کو ناصرف گھسیٹا گیا بلکہ خاتون کے بال کاٹے اور چہرے پر سیاہی بھی مل دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق بھارت میں ایک جوان ماں کے اغوا اور پھر گینگ ریپ کے بعد مبینہ ملزمان نے اسے دن دیہاڑے ملکی دارالحکومت نئی دہلی کی سڑکوں پر پھرایا۔ پولیس کے مطابق متعدد خواتین سمیت گیارہ مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اس نئے واقعے کو بھارت میں خواتین کے خلاف انتہائی نوعیت کے جنسی جرائم کی تازہ ترین مثال قرار دیا جا رہا ہے، جس کی وسیع تر مذمت کی جا رہی ہے۔ نئی دہلی کے خواتین کے لیے کمیشن اور ریاستی وزیر اعلیٰ نے بھی اس جرم کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ʼشرمناک‘ قرار دیا ہے۔اس واقعے کی بھارت میں سوشل میڈیا پر فوٹیج بھی گردش کر رہی ہے، جس کی آزاد اور غیر جانب دار ذرائع سے تصدیق تو نہیں ہو سکی مگر اس فوٹیج میں متاثرہ خاتون کو دیکھا جا سکتا ہے۔