• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: زیرِ تعمیر عمارت کی شٹرنگ گرگئی، 1 شخص جاں بحق، 3 زخمی


کراچی کے پوش ایریا ڈیفنس میں ایک زیرِ تعمیر عمارت کی شٹرنگ گرنے سے کام کرنے والے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق شخص ٹھیکیدار تھا، ہیوی مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ساؤتھ زبیر نذیر شیخ کے مطابق حادثاتی طور پر واقعہ ڈیفنس فیز 6 میں خیابانِ نشاط پر پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ عمارت کی تعمیر کے لیے پہلی منزل کی شٹرنگ ڈالی جا رہی تھی کہ مبینہ طور پر ٹھیکیدار کی غلط منصوبہ بندی کی وجہ سے پوری شٹرنگ نیچے آ گری۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کام کرنے والے 12 افراد میں سے متعدد افراد شٹرنگ کے آہنی جنگلے اور ملبے تلے دب گئے۔

ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر نے 2 سے 3 افراد کے ملبے تلے ابھی بھی دبے ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق ان کی ایمبولینسز اور عملہ موقع پر موجود ہے۔

ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور 3 زخمیوں کو ریسکیو ورکرز نے ملبے کے نیچے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید