وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سابق وزیراعظم اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی پر تاک تاک کے نشانے لگائے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مان لیا یوسف رضا گیلانی کو ایجنڈا رات میں ملا، ملتان سے اسلام آباد آنے میں 5 گھنٹے لگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر یوسف رضا گیلانی سمجھتے ہیں ایسا ممکن نہیں تھا تو میں انہیں 5 گھنٹے میں اسلام آباد پہنچانے کی ذمے داری لینے کو تیار ہوں۔
وفاقی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پی پی سینیٹر جانا چاہتے ہیں تو جاسکتے تھے، گیلانی صاحب کے نہ جانے پر شکریہ، انہوں نے جو کیا صحیح کیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے یوسف رضا گیلانی منتخب ہوئے، اُس کے بھی ہم راز دار ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ امید ہے جیسے اسٹیٹ بینک بل پر ہمارا ساتھ دیا، امید ہے ویسے ہی جنوبی پنجاب صوبے پر بھی ساتھ دیں گے۔
وزیر خارجہ کی پارٹی کارکنوں اور مقامی رہنماؤں کے ساتھ اس پُرہجوم پریس کانفرنس میں کم کم لوگ ہی ماسک لگائے نظر آئے، اکثریت نے نظرانداز کیا۔