وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ دن بدن افواہیں اڑائی جارہی ہیں، نہ کوئی صدارتی نظام آرہا ہے نہ کوئی ایمرجنسی لگ رہی ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نہ کوئی دھرنا ہونے جارہا ہے، نہ کوئی عدم اعتماد ہونے جارہی ہے، نہ کوئی ڈیل اور نہ کوئی ڈھیل کی بات ہورہی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ نوازشریف بدنصیب انسان ہے، جعلی رپورٹ سے گیا ہے، نواز شریف جعلی رپورٹ پر لندن میں قیام کرنا چاہتا ہے، کہتے ہیں نواز شریف کورونا کی وجہ سے علاج نہیں کرارہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ کورونا میں لوگوں کو کہتے ہیں کہ اسلام آباد جاؤ، لوگوں کو کورونا میں دھکا دینا چاہتے ہیں، اپوزیشن بڑے شوق سے اپنا شوق پورا کرلے، ان تلو میں تیل نہیں ہے، اپوزیشن کے رنگ پسٹن میں زنگ بیٹھا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو عدم اعتماد کا شوق ہے تو پورا کرلے، بندے انہیں ہی لانے ہیں، ساڑھے تین سال میں کوئی ایسا بل نہیں جس میں حکومت نہ جیتی ہو۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں 13 پاسپورٹ سینٹر بنانا چاہتے ہیں، سندھ حکومت سے بات کی ہے، سندھ حکومت کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم کل چین کے دورہ پر جارہے ہیں، عمران خان طالبان کی حمایت میں رہا، ڈرون حملوں کی مخالفت کی۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی نے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ کیا ہے، اسلام آباد میں ٹی ٹی پی کے دو دہشت گرد مارے گئے ہیں، ٹی ٹی پی ایسے مطالبے کررہی ہے جو عوامی حکومت کیلئے قبول کرنا ممکن نہیں، امن و امان کی صورتحال پر چاروں چیف سیکریٹریز اور آئی جی کو الرٹ کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے نے تبادلے کئے ہوں گے، کون تبادلے روکنا چاہتا ہے مجھے علم نہیں، تبادلے صرف وزیراعظم ہاؤس روک سکتا ہے۔