• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شریف برادران نے خود اپنے پائوں پرکلہاڑی ماری ہے، پرویز اشرف

شیخوپورہ (نمائندہ جنگ سے)سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اپنے دورہ شیخوپورہ کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف برادران کو کسی نے نقصان نہیں پہنچایا انہوں نے اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی ماری ہے   اگر وہ منصفانہ انتخابات کے ذریعے کامیاب ہوتے تو کبھی بھی کھربوں روپے بیرون ملک منتقل نہ کرتے پانامہ لیکس کے انکشافات کے بعد میاں نواز شریف کی حکومت اخلاقی طور پر اپنا وجود کھو چکی ہے 4 مرتبہ قوم سے خطاب کرنے کے باوجود بھی وہ قوم کو مطمئن نہیں کرسکے ۔ہم بلاول بھٹو زرداری کا پیغام گلی گلی پہنچائیں گے اربوں روپے لوٹنے والے حکمرانوں کا یوم حساب قریب آچکا ہے موجودہ حکمران عوام کیلئے کچھ نہیں کرسکے وعدے ،دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں اس سال بھی کسانوں کا استحصال کرکے ان کا معاشی قتل کیا گیا ہے پنجاب پاکستان کا اناج گھر ہے اس اناج پیدا کرنیوالوں کیساتھ جو ظلم وزیادتی ہوئی ہے ماضی کی کسی حکومت میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی حکومت نے پاکستان کو فروخت کرنے کیلئے پلان تیار کرلیا ہے اور اس کی فروخت ٹکڑوں میں کی جارہی ہے۔ پی آئی اے ،سٹیل مل کے بعد اب ایجوکیشن سیکٹر کو پرائیویٹ کرکے اپنے چہیتوں کو نواز جائیگا 2013 ء کا الیکشن کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا 2013 ء کے الیکشن میں جو کچھ ہوا ایسا بھی کبھی نہیں ہوا کہ قومی اسمبلی کے حلقوں میں ووٹ کم اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے ووٹ زیادہ نکلے ہوں پیپلزپارٹی کو میڈیا اور عدلیہ ٹرائل کے باوجود عوامی پذیرائی ہماری عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے شریف برادران نے عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ تک چھیننے کی کوشش کی ہے پیپلزپارٹی اب خاموش نہیں رہے گی انہیں ہر گلی ،محلہ کے کارنر پر ٹف ٹائم دیا جائیگا شیخوپورہ میں والہانہ استقبال اس بات کی دلیل ہے کہ آنیوالے وقت میں شیخوپورہ دوبارہ پیپلزپارٹی کا لاڑکانہ ثابت ہوگا ان خیالات کااظہارانہوں نے دورہ شیخوپورہ کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وہ پیپلز پارٹی کے اقلیتی ونگ کے رہنماؤں آصف الیاس گل ،چودھری شہباز محمود بھٹی کے ہمراہ سانحہ گلشن اقبال پارک میں ہلاک ہونیوالے مسیحی نوجوانوں ساگر مسیح اور چاند مسیح کے والدین کے ساتھ اظہار افسوس کیلئے ان کے گھر بھی گئے۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری محمد منظور، ندیم افضل چن ، ندیم اصغر کائرہ سمیت مقامی رہنما بھی انکے ہمراہ تھے ، راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے عام آدمی کو بات کرنے کا حوصلہ دیا پی پی پی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اپنے منشور میں رہ کر غریب عوام کی خدمت کو یقینی بنایا ہے اور ہم نے کسانوں ،مزدوروں ،ہاریوں اور محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کو ہرصورت یقینی بنایا ہے انہوں نے کہاکہ پہلی بار ایسا ہوگا کہ تنظیمی سازی کا عمل ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر نہیں بلکہ کارکنوں کی مشاورت سے کیا جائیگا اور پیپلزپارٹی کومضبوط ترین سیاسی قوت بناکر بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہید عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کے مشن کی تکمیل کو یقینی بنایا جائیگا۔
تازہ ترین